رسائی کے لنکس

جنوبی و شمالی کوریا کے جوہری مذاکرات بدھ کو چین میں ہوں گے


جنوبی و شمالی کوریا کے جوہری مذاکرات بدھ کو چین میں ہوں گے
جنوبی و شمالی کوریا کے جوہری مذاکرات بدھ کو چین میں ہوں گے

جنوبی کوریا کے اعلیٰ جوہری مذاکرات کار وی سنگ لک نے کہا ہے کہ وہ اپنے شمالی کوریائی ہم منصب کے ساتھ بدھ کو ہونے والی بات چیت میں شمالی کوریا کے جوہری پروگرام کو بند کرنے کے معاملہ پر تبادلہ خیال کریں گے۔

سنگ لک نے یہ بیان منگل کو بیجنگ پہنچنے پر دیا جہاں وہ بدھ کو شمالی کوریا کے نمائندے ری یونگ ہو سے مذاکرات کریں گے۔

جنوبی کوریائی سفارت کار کا کہنا تھا کہ مذاکرات کے دوران انڈونیشیا میں ہونے والے بات چیت کے گزشتہ دور کے دوران اٹھائے گئے امور بھی زیرِ بحث آئیں گے۔

انڈونیشیا میں ایک عالمی سکیورٹی کانفرنس کے موقع پر ہونے والے یہ مذاکرات دونوں ممالک کےدرمیان گزشتہ دو برسوں میں پہلا اعلیٰ سطحی رابطہ تھا۔ ان مذاکرات سے ان امیدوں کو تقویت ملی تھی کہ خطے سے کشیدگی کا خاتمہ ہوسکتا ہے جس کے نتیجے میں شمالی کوریا کے جوہری پروگرام پر تعطل کا شکار چھ ملکی مذاکرات کی بحالی کی راہ ہموار ہوگی۔

ادھر جنوبی کوریا میں وزارتِ خارجہ کےایک ترجمان نے کہا ہے کہ ان کےجوہری مذاکرات کار شمالی کوریا سے یہ یقین دہانی حاصل کرنا چاہیں گے کہ وہ چھ ملکی مذاکرات کی بحالی کے لیے سیول کی جانب سے عائد کردہ پیشگی شرائط پوری کرنے پر آمادہ ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا جنوبی کوریا مذاکرات میں کھلے دل کے ساتھ شریک ہورہا ہے۔

چھ ملکی مذاکرات کا مقصد معاشی و سفارتی فوائد کے بدلے شمالی کوریا کو جوہری ہتھیاروں کی تیاری سے باز رکھنا تھا لیکن پیانگ یانگ حکومت 2009ء میں ان مذاکرات سے علیحدہ ہوگئی تھی۔

حالیہ چند ماہ کے دوران شمالی کوریا نے ان مذاکرات کی بغیر کسی پیشگی شرط کے دوبارہ بحالی کی خواہش کا اظہار کیا ہے اور پیش کش کی ہے کہ مذاکرات میں پیش رفت کی صورت میں وہ اپنے جوہری پروگرام کو عارضی طور پر بند کرنے پہ بھی آمادہ ہے۔

تاہم جنوبی کوریا کا مطالبہ رہا ہے کہ شمالی کوریا ہتھیار ترک کرنے سے متعلق اپنے ماضی کے وعدوں پر عمل درآمد کرکے مذاکرات کے لیے اپنی سنجیدگی کا ثبوت دے۔ جاپان اور امریکہ بھی سیول کے اس مطالبہ کی حمایت کر رہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG