رسائی کے لنکس

شاہ رخ کی فلم ’چنائی ایکسپریس‘ کے بعد رہتک روشن کی فلم ’کرش تھری‘ بھی 100 کروڑ کا بزنس کر گئی۔ اب دیکھتے ہیں کہ ان میں سے کون سی فلم 200کروڑ روپے کا بزنس کرکے ریکارڈ اپنے نام کرتی ہے

بالی ووڈ ہیروٴ رہتک روشن اور ان کے ’پتاشری‘ راکیش روشن کی ہوم پروڈکشن فلم ’کرش تھری‘ صرف 4 دن میں 100 کروڑ یعنی ایک ارب روپے کا بزنس کرنے میں کامیاب ہوگئی ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ’ٹوئٹر‘ پر راکیش روشن، رہتک روشن اور فلم ٹریڈ سے وابستہ ترون آدرش نے اس حوالے سے ایک دوسرے کو مبارکباد ارسال کیں۔

بھارتی میگزین ’انڈیا ٹو ڈے‘ کے مطابق فلم نے ریلیز کے پہلے دن یعنی جمعہ یکم نومبر کو 25کروڑ 20لاکھ روپے کا بزنس کیا جبکہ ہفتے کو 23کروڑ 20لاکھ، اتوار کو 24کروڑ 30لاکھ اور پیر کو 35کروڑ 91لاکھ روپے کمائے۔

فلم ’کرش‘ سائنس فکشن پر مبنی ہے جس کا مرکزی کردار دراصل ’سپرہیرو‘ ہے۔ یہ کردار رہتک روش نے ادا کیا ہے جبکہ فلم میں ان کی ہیروئن بنی ہیں پریانکا چوپڑا۔

فلم کو زیادہ بزنس کرنے کا موقع اس وجہ سے بھی ملا کہ یکم نومبر کو ریلیز کے تیسرے ہی دن بھارت میں دیوالی کا تہوار نہایت جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔ ماضی گواہ ہے کہ عید یا دیوالی پر ریلیز کی گئی فلمیں اکثر غیر معمولی بزنس کرنے میں کامیاب ہوجاتی ہیں۔

’کرش‘ سے کچھ مہینے پہلے ریلیز ہونے والی شاہ رخ خان اور دپیکا پڈکون کی فلم ’چنائی ایکسپریس‘ نے بھی 100کروڑ کمانے والی فلموں کے کلب میں اپنا نام درج کرایا تھا۔ اب دیکھتے ہیں کہ ان میں سے کون سی فلم 200کروڑ کا بزنس کرکے ریکارڈ اپنے نام کرتی ہے۔
XS
SM
MD
LG