رسائی کے لنکس

کرد جنگجوؤں نے سنجار کے مختلف حصوں کا قبضہ واگزار کروا لیا


امریکہ کی زیر قیادت اتحاد نے تاحال اس آپریشن سے متعلق کوئی تفصیل فراہم نہیں ہے جس سے کہ کرد جنگجوؤں کی کامیابیوں کی تصدیق ہو سکے۔

کرد جنگجو جنہیں امریکہ کی فضائی مدد بھی حاصل ہے، شمالی عراقی شہر سنجار میں داخل ہو گئے ہیں اور یہاں متعدد حصوں کا قبضہ داعش سے وا گزار کروا لیا ہے۔

کردستان سکیورٹی کونسل نے جمعہ کو ٹوئٹر پر ایک بیان میں بتایا کہ پیش مرگہ فورسز "تمام اطراف سے شہر میں داخل ہو گئی ہیں تاک باقی علاقے کو بھی واگزار کروایا جا سکے۔"

کرد جنگجو اب ایک سیمنٹ فیکٹری، اسپتال اور متعدد سرکاری عمارتوں کا کنٹرول حاصل کر چکے ہیں اور ان کے بقول "داعش پسپا ہو کر فرار ہو رہی ہے۔"

عراق کرد خطے کے صدر مسعود بارزانی ان جاری کارروائیوں میں حاصل ہونے والی کامیابیوں سے جلد ہی صحافیوں کو آگاہ کریں گے۔

امریکہ کی زیر قیادت اتحاد نے تاحال اس آپریشن سے متعلق کوئی تفصیل فراہم نہیں ہے جس سے کہ کرد جنگجوؤں کی کامیابیوں کی تصدیق ہو سکے۔ لیکن عینی شاہدین کے حوالے سے خبر رساں ایجنسی "ایسوسی ایٹڈ پریس" نے بتایا کہ شہر کا وسطی علاقہ جنگجوؤں کے کنٹرول میں ہے۔

جمعرات کو ہزاروں کرد جنگجو سنجار کا قبضہ واگزار کروانے کے لیے جمع ہوئے اور دیر گئے یہ اطلاعات موصول ہوئی تھیں کہ انھوں نے شہر کے اطراف کے علاقے کا قبضہ دوبارہ حاصل کر لیا ہے۔

گزشتہ سال اگست میں شدت پسند گروپ داعش نے سنجار پر قبضہ کر لیا تھا اور یہاں آباد اقلیتوں خصوصاً یزیدی برادری کے خلاف ایذا رسانیوں کی ہولناک کارروائیاں شروع کی تھیں۔

اسی شہر پر شدت پسندوں کے قبضے کے بعد امریکہ نے اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر لڑائی میں داعش کے خلاف فضائی کارروائیوں کا آغاز کیا تھا۔

XS
SM
MD
LG