رسائی کے لنکس

کرم ایجنسی: دو بم دھماکوں میں کم ازکم 12 ہلاک


حکام کے مطابق لوئر کرم کے علاقے علی زئی سے ایک چھوٹی مسافر گاڑی پاڑہ چنار جا رہی تھی کہ سڑک میں نصب بم سے ٹکرا گئی۔

پاکستان کے قبائلی علاقے کرم ایجنسی میں جمعہ کو دو بم دھماکوں میں کم ازکم 12 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔

اطلاعات کے مطابق ایجنسی کے مرکزی قصبے پارا چنار کے ایک بازار میں جمعہ کی شام ہونے والے بم دھماکے میں دس افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔

دھماکے کی نوعیت کے بارے میں فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکا۔

اس سے قبل لوئر کرم کے علاقے علی زئی سے ایک چھوٹی مسافر گاڑی مرکزی قصبے پارہ چنار جا رہی تھی کہ خرمہ تنگ کے علاقے میں سڑک میں نصب ایک بم سے ٹکرا گئی۔

دھماکا اس قدر شدید تھا کہ گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی جب کہ اس پر سوار پانچ افراد شدید زخمی ہوگئے۔

زخمیوں میں سے بعض کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

اُدھر قبائلی علاقے خیبر ایجنسی سے جمعرات کی شب ملنے والی 20 لاشوں کی تدفین جمعہ کو جمرود میں کی گئی۔

حکام مطابق اکا خیل کے علاقے سے ملنے والی گولیوں سے چھلنی ان لاشوں کی شناخت ممکن نہیں تھی۔ لیکن سکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ ’’دہشت گرد‘‘ علاقے میں فوجی آپریشن کے دوران مارے گئے تھے۔

خیبر ایجنسی کے علاقے اکا خیل میں گزشتہ ہفتے ہی بم دھماکے اور عسکریت پسندوں سے جھڑپ میں پانچ سکیورٹی اہلکاروں سمیت 30 سے زائد افراد مارے گئے تھے۔
XS
SM
MD
LG