رسائی کے لنکس

خیرایجنسی میں جنگجوؤں کے حملے میں ایف سی کا اہلکار ہلاک


خیرایجنسی میں جنگجوؤں کے حملے میں ایف سی کا اہلکار ہلاک
خیرایجنسی میں جنگجوؤں کے حملے میں ایف سی کا اہلکار ہلاک

خیبر ایجنسی کی تحصیل باڑہ میں مشتبہ طالبان جنگجوؤں نے نیم فوجی فورس، فرنٹیئر کور(ایف سی)، کی ایک گشتی ٹیم پر گھات لگا کر حملہ کر کے ایک اہلکار کو ہلاک کردیا۔

افغانستان کی سرحد سے ملحق اس پاکستانی قبائلی علاقے میں عسکریت پسندوں کے خلاف ایف سی نے حالیہ دنوں میں بڑی کارروائیاں کر کے کئی مشتبہ جنگجوؤں کو گرفتار اور ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

افغانستان میں تعینات نیٹو افواج کے لیے رسد کا ایک بڑا حصہ خیبر ایجنسی کے راستے بھیجا جاتا ہے اور ان قافلوں پرشدت پسند باقاعدگی سے حملے بھی کرتے آئے ہیں تاہم حالیہ مہینوں میں ان کارروائیوں میں نمایاں کمی آئی ہے۔

دریں اثنا کراچی میں حکام نے بتایا ہے کہ ایک مشتبہ خودکش بمبار نے جسم سے بندھے بارود میں اُس وقت دھماکا کردیا جب ’رینجرز‘ فورس علاقے میں آپریشن کررہی تھی۔ اس واقعے میں مزید کسی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔

حکام نے بتایا کہ خودکش بمبار نے اس وقت دھماکا کیا جب رینجرز کے اہلکاروں نے گلستان جوہر کے بلاک 12 کے رہائشی اپارٹمنٹس کو گھیرے میں لے رکھا تھا۔ اطلاعات کے مطابق مشتبہ بمبار بظاہر غیر ملکی معلوم ہوتا تھا اور رینجرز نے اس کے اپارٹمنٹ کی تلاشی لینے کی کوشش کی تو اس نے خود کو باورچی خانے میں بند کرکے دھماکا کردیا۔

اس گھر سے ایک خاتون اور چار بچوں کو حراست میں بھی لیا گیا ہے۔

مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق ہلاک ہونے والے شخص معید اسلام کا اصل نام سعید الیمنی تھا جو القاعدہ کا ایک کمانڈر تھا۔ الیمنی ڈیڑھ ماہ قبل وزیرستان سے کراچی منتقل ہوا تھا۔

XS
SM
MD
LG