رسائی کے لنکس

معزول کرغز صدر کے مفرور رشتے داروں کی گرفتاری کے لیے انعام کا اعلان


کرغزستان کی عبوری حکومت نے ایسی اطلاعات فراہم کرنے پر نقد انعامات کی پیش کش کی ہے جِن کے نتیجے میں معزول کر غز صدر قُرمان بیگ باقی یف کےمفرور رشتے داروں اور ساتھیوں کو گرفتار کیا جاسکے۔

کرغز حکام نے کہا ہے کہ اُن لوگوں کو 20 ہزار سے لےکر ایک لاکھ تک ڈالر دیے جائیں گے جو معزول لیڈر کے اُن رشتے داروں اور قریبی ساتھیوں کو تلاش کرنے میں مدد کریں گے جو سنگین جرائم کے الزامات کے تحت حکام کو مطلوب ہیں۔

ملزموں میں مسٹر باقی یف کا ایک بیٹا، اُن کے تین بھائى اور سابق کِر غز وزیرِ اعظم دانیار حسینوف شامل ہیں۔

مسٹر باقی یف کو ایک ایسی خوں ریز بغاوت کے دوران، جس میں کم سے کم 85 لوگ ہلاک ہوئے تھے، سات اپریل کو بذریعہ طاقت اقتدار سے ہٹا دیا گیا تھا۔

کرغزستان کی عبوری حکومت نے معزول صدر پر بغاوت کے دوران وسیع پیمانے پر ہلاکتوں کا الزام عائد کیا ہے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ انہوں نے سکیورٹی فورسز کو حکومت مخالف مظاہرین پر گولی چلانے کا حکم دیا تھا۔

بدعنوانی اور اقربا پروری کے الزامات کے دوران مسٹر باقی یف کی برطرفی کے بعد حزبِ اختلاف نے اختیارات سنبھال لیے تھے۔

XS
SM
MD
LG