رسائی کے لنکس

کرغزستا ن میں پھنسے 270 پاکستانی وطن واپس پہنچ گئے


کرغزستا ن میں پھنسے 270 پاکستانی وطن واپس پہنچ گئے
کرغزستا ن میں پھنسے 270 پاکستانی وطن واپس پہنچ گئے

نسلی فسادات سے متاثرہ کرغزستان کے جنوبی شہر اوش میں پھنسے 270پاکستانیوں کو خصوصی طیاروں کے ذریعے وطن واپس لایا گیا ہے۔ حکومت پاکستان کی طرف سے بھیجا گیا پہلا C-130طیارہ 136شہریوں کو لے کر منگل کی صبح چکلالہ ایئر بیس پہنچا جب کہ منگل کی سہ پہر دوسرا طیارہ مزید 134پاکستانیوں کو لے کر آیا۔

دوسرے طیارے میں اوش میں تشدد کے دوران ہلاک ہونے والے پاکستانی طالب علم علی رضا کی میت بھی لائی گئی۔ اس موقع پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے باتیں کرتے ہوئے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے علی رضا کی ہلاکت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا تاہم ان کا کہنا تھا کہ پاکستان وہ پہلا ملک ہے جس نے سب سے پہلے نہ صرف اپنے شہریوں کو کرغزستان سے نکالا بلکہ وسط ایشیائی ریاست کو امدادی سامان بھی بہم پہنچایا۔

اس سوال پر کہ کیا اب بھی مزید پاکستانی جلال آباد یا دوسرے علاقوں میں پھنسے ہوئے ہیں ، شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اگر ایسا ہوا تو پاکستانی سفیر اس ضمن میں پوری طرح متحرک رہیں گے اورہر ممکن امداد فراہم کی جائے گی۔

پاکستان واپس لائے گئے افراد میں بیشتر طلباو طالبات ہیں جو تعلیم کی غرض سے وہاں مقیم تھے ۔ دفتر خارجہ کے ترجمان عبدالباسط کے مطابق کرغزستان میں فساد زدہ علاقوں میں پھنسے تقریباً 270پاکستانیوں کے پتے اور کوائف کرغز حکام کے حوالے کیے گئے تھے جن میں سے بیشتر کو ”اوش“ ائیر پورٹ پر پہنچا دیا گیا ہے۔

وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے گذشتہ روز پارلیمنٹ سے اپنے خطاب میں کہا تھا کہ پاکستانی شہریوں کی وطن واپسی کے لیے تین طیارے کرغزستان بھیجے جائیں گے۔

پاکستانی دفتر خارجہ کے عہدیداروں کے مطابق کرغزستان میں 1200 پاکستانی شہری موجود ہیں جن میں سے اکثریت طالب علموں کی ہے لیکن موسم گرما کی تعطیل کے باعث اُن میں سے اکثریت کرغزستان سے باہر ہے۔

گذشتہ جمعرات سے کرغزستان کے جنوبی شہروں اوش اور جلال آباد میں جاری نسلی فسادات میں اب تک کم از کم 124افراد ہلاک اور 1600 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔

XS
SM
MD
LG