رسائی کے لنکس

اُسامہ بن لادن کے باورچی کو 14 سال قیدکی سزا


خلیج گوانتانامو میں قائم امریکی قید خانہ
خلیج گوانتانامو میں قائم امریکی قید خانہ

گوانتاناموبے میں امریکہ کی ایک فوجی عدالت نے دہشت گرد تنظیم القاعدہ کے رہنماء اسامہ بن لادن کے باروچی کے لیے 14 سال قید کی سزا سنائی ہے۔ سوڈانی نژاد 50 سالہ ابراہیم القوسی گذشتہ آٹھ سال سے زائد عرصے سے گوانتاناموبے جیل میں قید ہیں۔

ابراہیم القوسی پر دہشت گردوں کی مدد اور سازش کے الزام عائد کیے گئے تھے ۔ ابراہیم نے اعتراف کیا تھا کہ جب وہ بن لادن کے باورچی کے طور پر کام کرتا تھا تو وہ یہ جانتا تھا کہ القاعدہ ایک دہشت گرد تنظیم ہے ۔

ابراہیم کی اُسامہ بن لادن سے ملاقات سوڈان میں ہوئی تھی اور وہ وہاں سے القاعدہ کے رہنما ء کے ساتھ افغانستان چلا گیا تھا۔ ابراہیم نے یہ بھی تسلیم کیا ہے کہ افغانستان جنگ کے آغاز میں امریکی فورسز کے تورا بورا کی پہاڑیوں پر حملے کے دوران اُس نے اُسامہ کو وہاں سے فرار ہونے میں مدد بھی فراہم کی۔

امریکی صدر براک اوباما کے دور حکومت میں گوانتاناموبے میں قید ابراہیم پہلے قیدی ہیں جنہیں سزا سنائی گئی ہے، جب کہ اس سے قبل تین قیدیوں کو سزا سنائی جاچکی ہے۔ گوانتاناموبے میں قیدیوں کی تعداد ایک وقت میں آٹھ سو تھی جو اب کم ہو کر تقریباً 180 رہ گئی ہے۔

صدر اوباما نے گوانتاناموبے کے متنازع قید خانے کو بند کرنے کا عزم بھی کیا تھا لیکن اس قید خانے سے قیدیوں کی منتقلی کے معاملے پر تعطل کے باعث اب تک یہ ممکن نہیں ہوسکا ہے۔

XS
SM
MD
LG