رسائی کے لنکس

آئی ایم ایف کی سربراہی: فرانسیسی وزیرِ خزانہ چین پہنچ گئیں


آئی ایم ایف کی سربراہی: فرانسیسی وزیرِ خزانہ چین پہنچ گئیں
آئی ایم ایف کی سربراہی: فرانسیسی وزیرِ خزانہ چین پہنچ گئیں

عالمی مالیاتی فنڈ کے اگلے سربراہ کی حیثیت سے اپنے انتخاب کےلیے چین کی حمایت حاصل کرنے کی غرض سے فرانس کی وزیرِ خزانہ کرسٹین لگاردے بیجنگ پہنچ گئی ہیں۔

لگاردے بدھ کی صبح بھارتی دارالحکومت نئی دہلی سے بیجنگ پہنچیں جہاں انہوں نے گزشتہ روز اپنے ہم منصب پرناب مکھرجی اور بھارتی وزیرِاعظم من موہن سنگھ سے ملاقات کی تھی۔

اپنے دو روزہ قیام کے دوران فرانسیسی وزیرِ خزانہ اعلیٰ چینی حکام سے آئی ایم ایف کے اگلے منیجنگ ڈائریکٹر کے انتخاب کیلیے اپنی امیدواریت پر تبادلہ خیال کرینگی۔

لگاردے اپنے ہم وطن ڈومینیک اسٹراس کوہن کی جگہ سنبھالنے کےلیے عالمی حمایت کے حصول میں کوشاں ہیں جنہوں نے گزشتہ ماہ اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ اسٹراس کوہن پر الزام ہے کہ انہوں نے نیویارک کے ایک پوش ہوٹل میں اپنے قیام کے دوران ایک ہوٹل ملازمہ کے ساتھ دست درازی کی کوشش کی تھی۔

لگاردے اور ان کے مقابل آئی ایم ایف کی سربراہی کے دوسرے اہم امیدوار میکسیکو کے مرکزی بینک کے گورنر آگسٹین کارسٹین برازیل، چین اور بھارت سمیت دیگر ابھرتی ہوئی معاشی قوتوں کی حمایت کے حصول کی کوششوں میں مصروف ہیں۔

مذکورہ ممالک کا موقف ہے کہ ان کی ابھرتی ہوئی معاشی قوت کا اعتراف کرکے اس روایت کو توڑنا چاہیے جس کے تحت آئی ایم ایف کی سربراہی ہمیشہ ایک یورپی باشندہ کے حصے میں آتی ہے۔

لگاردے اور کارسٹین دونوں ہی اپنی امیدواریت کی حمایت کے حصول کےلیے برازیل کا دورہ کرچکے ہیں۔

دوسری عالمی جنگ کے اختتام پر قائم کیے گئے عالمی مالیاتی فنڈ کا مقصد مالی مشکلات سے دوچار ممالک کو قرضے فراہم کرنا ہے۔

XS
SM
MD
LG