رسائی کے لنکس

لاہور قلندرز کی اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف فتح


میچ میں اس وقت سنسنی خیز ہوگیا جب 19 ویں اوور میں سہیل تنویر نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، پھر محمد سمیع نے 20 ویں اوور کی پہلی گیند پر عامر یامین کو پویلین بھیج دیا۔ لیکن، اگلی ہی گیند پر گرانٹ ایلیٹ نے چھکا لگا دیا، یوں لاہور قلندر نے یہ میچ ایک وکٹ سے اپنے نام کر لیا

پاکستان سپر لیگ میں دلچسپ مقابلے کے بعد لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو ایک وکٹ سے شکست دے دی، عمر اکمل نے مشکل صورتحال میں نصف سنچری اسکور کی اور ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔

شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے چودھویں میچ میں لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کو ترجیح دی، ڈیوین اسمتھ اور رفعت اللہ مہمند نے اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے اننگز کا آغاز کیا۔

دونوں بیٹسمینوں نے تیز رفتاری سے رنز بنائے اور اسی کوشش میں رفعت اللہ 13 گیندوں پر 18 رنز کی اننگز کھیل کر عامر یامین کی گیند پر وکٹ کیپر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

اسکور میں صرف 5 رنز کے اضافے کے بعد بریڈ ہیڈن صرف ایک رن بناکر عامر یامین کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے، وکٹ گرنے کا سلسلہ مزید آگے بڑھا اور اسمتھ کو یاسر شاہ نے 20 رنز پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر دیا، مصباح الحق 16، ڈیوکیٹ 14 اور شین واٹسن صرف 7رنز بناکر آؤٹ ہوئے، صرف 83رنز پر اسلام آباد یونائیٹڈ کی 6کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے۔

اس مشکل صورتحال میں شاداب خان اور عماد بٹ نے لاہور قلندرز کے بولرز کے سامنے مزاحمت کی اور ساتویں وکٹ کی شراکت میں دونوں بیٹسمینوں نے 33 گیندوں پر 53 رنز بناکر ٹیم کی پوزیشن کسی حد تک بہتر بنادی۔

اس موقع پر عماد بٹ 17رنز بناکر شاداب خان کا ساتھ چھوڑ گئے، شاداب خان 24 گیندوں پر 42 رنز کی دھواں دار باری کھیل کر اننگز کی آخری گیند پر رن آؤٹ ہوگئے، ان کی اننگز میں تین شاندار چھکے اور 2چوکے شامل تھے۔اس طرح مقررہ 20اوورز میں اسلام آباد نے 8وکٹوں کے نقصان پر 145رنز بنالئے۔

لاہور قلندر کی طرف سے عامر یامین نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے چار اوورز میں 17 رنز دے کر تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، یاسر شاہ نے 2جبکہ سہیل تنویر اور سنیل نارائن نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

146رنز کے ہدف کے تعاقب میں لاہور قلندرز کی اننگز کا آغاز مایوس کن رہا اور صرف 29رنز پر اوپنرز کی جوڑی پویلین لوٹ گئی، کیمرون ڈیلپورٹ 12اور کپتان برینڈم مک کولم 11 رنز بناسکے، اگلے آنے والے بیٹسمین فخرزمان بھی زیادہ دیر وکٹ پر رک پائے اور صرف 6رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوگئے۔

35رنز پر تین وکٹیں ٹاپ آرڈر بیٹسمینوں کے آؤٹ ہونے کے بعد لاہور قلندرز کی ٹیم کو مشکلات سے نکالنے کیلئے عمر اکمل اور محمد رضوان کریز پر آئے۔ لیکن شین واٹسن نے رضوان کو 3رنز پر کلین بولڈ کرکے قلندرز کی پریشانی اور بڑھا دی، محمد عرفان جونیئر بغیر کھاتہ کھولے رن آؤٹ ہوگئے۔69 رنز پر لاہور قلندرز کی آدھی ٹیم پویلین سدھار چکی تھی۔

جہاں ایک طرف وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری تھا، وہیں عمر اکمل نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے بولرز کا جم کا مقابلہ کیا اور تیز رفتار بیٹنگ کرتے ہوئے کھیل کا پانسہ پلٹ دیا اور اپنی ٹیم کو جیت کے قریب پہنچا دیا، جب ٹیم کا مجموعی اسکور110 پر پہنچا تو عمر اکمل 42 گیندوں پر تین چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 66رنز بنا کر شکیب الحسن کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ سنیل نارائن5گیندوں پر 12رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

میچ میں اس وقت سنسنی خیز ہوگیا جب 19 ویں اوور میں سہیل تنویر نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، پھر محمد سمیع نے 20 ویں اوور کی پہلی گیند پر عامر یامین کو پویلین بھیج دیا۔ لیکن، اگلی ہی گیند پر گرانٹ ایلیٹ نے چھکا لگا دیا، یوں لاہور قلندر نے یہ میچ ایک وکٹ سے اپنے نام کرلیا۔ ایلیٹ نے 17گیندوں پر ناقابل شکست 26رنز بنائے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی طرف سے رومان رئیس نے تین، شاداب خان 2جبکہ محمد عرفان جونیئر، محمد سمیع اور شین واٹسن نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

عمر اکمل کو شاندار بیٹنگ پرفارمنس پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

پوائنٹس ٹیبل پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 7پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پر ہے، لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے 6،6جبکہ پشاور زلمی کے 5 اور کراچی کنگز کے 4 پوائنٹس ہیں۔

منگل اور بدھ کو کوئی میچ نہیں کھیلاجائے گا، جمعرات کو واحد میچ میں کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز آمنے سامنے ہوں گے۔

XS
SM
MD
LG