رسائی کے لنکس

پنجاب کے مختلف حصوں میں شدید سردی اور گہری دھند، کاروبارِ زندگی متاثر


پنجاب کے مختلف حصوں میں شدید سردی اور گہری دھند، کاروبارِ زندگی متاثر
پنجاب کے مختلف حصوں میں شدید سردی اور گہری دھند، کاروبارِ زندگی متاثر

دو دن مزید ٹھٹھرنا ہوگا: محکمہ ٴ موسمیات

محکمہٴ موسمیات کا کہنا ہے کہ پنجاب کے مختلف حصوں میں ہفتےکی رات شروع ہونے والی شدید سردی کی لہر اور گہری دھند مزید دو روز تک رہ سکتی ہے کیونکہ محکمہ کے بقول سرد ہوا میں بھاری مقدار میں نمی موجود ہے۔

شدید سردی اور دھند نے صوبے بھر میں معمولاتِ زندگی کو بُری طرح متاثر کیا۔ سڑکوں پر گاڑیاں چلانا محال ہوگیا، پروازیں منسوخ ہوئیں اورریل گاڑیاں تاخیر سے پہنچیں جب کہ لاہور۔اسلام آباد موٹروے دس گھنٹے تک بند رہی اور کئی مقامات سے ٹریفک حادثات کی اطلاعات بھی ملی ہیں۔

دریں اثنا دھند نے لوڈ شیڈنگ میں بھی اضافہ کردیا ہے جِس کی وجہ پیپکو کے ترجمان انجنیئر محمد خالد نے یہ بتائی ہے کہ دھند میں 80 فی صد نمی ہونے کی وجہ سے جگہ جگہ بجلی کی فراہمی معطل ہوتی رہی۔ اُن کے بقول، 132اور 220 کے وی لائنوں میں تقریباً 196دفعہ گڑبرہوئی جِن کی درستگی کا کا م مشکل ہوگیا۔

بجلی کے ادارے کے ترجمان کا کہنا تھا کہ دو دن مزید دھند کی پیش گوئی موجود ہے، اور اُن کے بقول، اِس دھند میں اگر نمی کی مقدار80 فی صد تک پہنچ جاتی ہے تو پھر بجلی کر فراہمی میں مزید تعطل آسکتا ہے۔

بجلی کی طلب اور رسد میں 2700 میگاواٹ کا فرق جو پہلے سے موجود ہے اُس کو پورا کرنے کے لیے شہروں میں پانچ گھنٹے اور دیہات میں آٹھ گھنٹے روزانہ کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔ ترجمان کے بقول اُس میں بھی اضافہ ہوسکتا ہے۔

دریں اثنا، محکمہٴ موسمیات کا کہنا ہے کہ پنجاب کے مختلف حصوں میں اتوار کو ہلکی بارش ہوئی جب کہ مری، گلیات، گلگت، بلتستان اور کشمیرمیں برف باری کی پیش گوئی موجود ہے جِس کے نتیجے میں موسم مزید سرد ہوسکتا ہے اور دھند اور بھی گہری ہوسکتی ہے۔

XS
SM
MD
LG