رسائی کے لنکس

پی ایس ایل میں کراچی کنگز کی مسلسل تیسری شکست


دو وکٹیں گرنے کے بعد فخر زمان اور عمر اکمل نے اننگز کو آگے بڑھایا اور تیسری وکٹ کی شراکت میں 47 رنز بنائے، اس موقع پر عمر اکمل 25 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹ گئے

پاکستان سپر لیگ کے ایک میچ میں لاہور قلندرز نے کراچی کنگز کو 7رنز سے ہرا دیا، ایونٹ میں کراچی کنگز کی یہ مسلسل تیسری شکست ہے۔

شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ایونٹ کے آٹھویں میچ میں کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ کراچی کنگز کو جلد ہی بڑی کامیابی اس وقت ملی جب لاہور قلندر کے کپتان برینڈن مک کولم بغیر کوئی رن بنائے عماد وسیم کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے، جیسن روئے بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور تیزی سے رنز بنانے کی کوشش میں سہیل خان کا شکار بن گئے، روئے نے 16 گیندوں کا سامنا کیا اور 26 رنز بنائے۔

دو وکٹیں گرنے کے بعد فخر زمان اور عمر اکمل نے اننگز کو آگے بڑھایا اور تیسری وکٹ کی شراکت میں 47 رنز بنائے، اس موقع پر عمر اکمل 25 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹ گئے، فخر زمان نے کراچی کنگز کے بولرز کا جم کر سامنا کیا اور نصف سنچری اسکور کی، وہ 36 گیندوں پر تین چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے 56 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

محمد رضوان 29 اور گرانٹ ایلیٹ 17 رنز بنا سکے، اس طرح لاہور قلندرز کی ٹیم نے مقررہ بیس اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 179 رنز بنائے۔

کراچی کنگز کی طرف سے محمد عامر، سہیل خان اور اسامہ میر نے دو، دو اور عماد وسیم نے ایک وکٹ حاصل کی۔

ایک سو اسی رنز کے ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کا آغاز مایوس کن رہا اور صرف 21 رنز پر اوپنرز کی جوڑی پویلین لوٹ گئی، کرس گیل آج بھی ناکام رہے اور صرف پانچ رنز بناسکے جبکہ بابر اعظم نے 9 رنز بنائے۔

مشکل صورتحال میں کپتان سنگاکارا اور شعیب ملک نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے تیسری وکٹ کی شراکت میں 101 رنز بنا کر کراچی کنگز کیلئے امید کی کرن پیدا کر دی۔ لیکن سنگارا تیزی سے رنز بنانے کی کوشش میں 65رنز پرسہیل تنویر کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے، سنگاکارا نے 45گیندوں کا سامنا کیا، ان کی اننگز میں آٹھ چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔

سنگاکارا کے آؤٹ ہونے کے بعد شعیب ملک بھی جلد وکٹ گنوا بیٹھے، وہ 39رنز بناکر آؤٹ ہوگئے، پولارڈ نے صرف 8 رنز بنا کر پویلین کی راہ لی۔ روی بوپارا 5، عماد وسیم 6 اور سہیل خان 10 رنز بنا سکے۔ اس طرح کراچی کنگز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر172 رنز بنا سکی اور لاہور قلندر نے میچ 7رنز سے اپنے نام کر لیا۔

لاہور قلندرز کے فخر زمان کو بہترین بیٹنگ پرفارمنس پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

لاہور قلندرز کی جانب سے سہیل تنویر، سنیل نارائن اور محمد عرفان جونیئر نے دو، دو جبکہ بلاول بھٹی نے ایک وکٹ حاصل کی۔

پوائنٹس ٹیبل


پوائنٹس ٹیبل پر پشاور زلمی، کوئٹہ گلیڈیٹرز، اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز کے چار، چار پوائنٹس ہیں جبکہ کراچی کنگز اب تک کوئی پوائنٹ حاصل نہیں کر سکی۔

ایونٹ میں جمعہ کو دو میچز کھیلے جائیں گے، پہلے میچ میں پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈیٹرز مد مقابل ہوں گے۔ جبکہ دوسرا میچ اسلام آباد یونائیٹڈ اور کراچی کنگز کے درمیان ہوگا۔

XS
SM
MD
LG