رسائی کے لنکس

سندھ کی 81 یونین کونسل میں بلدیاتی انتخابات ملتوی


جن آٹھ اضلاع کی 81 یونین کونسلز میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کئے گئے ہیں ان میں شہید بے نظیر آباد ڈویژن کی 27 ، حیدرآباد کی24، میرپورخاص کی 25 اور سانگھڑ ڈویژن کی 5 یونین کونسلز شامل ہیں

سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے بار بار زور دیئے جانے اور عدالتی فیصلوں کے بعد جمعرات 19نومبر کو صوبہٴسندھ میں ہونے والے انتخابی عمل کو ایک مرتبہ پھر بریک لگ گئے ہیں۔ الیکشن کمیشن نے صوبے کے 8 اضلاع کی 81 یونین کونسلز میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کردئیے ہیں۔

جن آٹھ اضلاع کی 81 یونین کونسلز میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کئے گئے ہیں ان میں شہید بے نظیر آباد ڈویژن کی 27 ، حیدرآباد کی24، میرپورخاص کی 25 اور سانگھڑ ڈویژن کی 5 یونین کونسلز شامل ہیں۔

بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے لئے پولنگ ملتوی کرنے کا فیصلہ بدھ کو اسلام آباد میں چیف الیکشن کمشنر سردار رضا خان کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں کیا گیا۔

اجلاس کے بعد سیکریٹری الیکشن کمشنر بابر یعقوب نے پریس کانفرنس کے دوران انتخابی عمل التوا کئے جانے کی وجہ نئی انتخابی حلقہ بندیوں کو قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ نئی حلقہ بندیاں اگلے 15 روز میں کردی جائیں گی۔

اس سے قبل چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے بدھ کو صبح کے اوقات میں 8 اضلاع کی حلقہ بندیاں کالعدم قرار دینے سے متعلق کیس کی سماعت کی جس کے دوران عدالت نے مذکورہ اضلاع میں نئی انتخابی حلقہ بندیاں کالعدم قرار دینے کا ہائیکورٹ کا حکم برقرار رکھا۔ سندھ ہائی کورٹ نے 8 اضلاع میں چوبیس گھنٹوں کے اندر دوبارہ حلقہ بندیوں کا حکم دیا تھا۔

XS
SM
MD
LG