رسائی کے لنکس

سندھ میں بلدیاتی انتخابات، امیدواروں کی حتمی فہرست جاری


پہلے مرحلے میں سندھ کے آٹھ اضلاع میں پولنگ ہوگی۔ ان میں سکھر، گھوٹکی، خیرپور، لاڑکانہ، شکارپور، حیدرآباد، کشمور، کندھ کوٹ اور قمبر شہداد کوٹ شامل ہیں

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کے لئے امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کر دی ہے۔

کمیشن کی جانب سے جاری کردہ معلومات کے مطابق، پہلے مرحلے میں سندھ کے آٹھ اضلاع میں پولنگ ہوگی۔ ان میں سکھر، گھوٹکی، خیرپور، لاڑکانہ، شکارپور، حیدرآباد، کشمور، کندھ کوٹ اور قمبر شہداد کوٹ شامل ہیں۔

ان اضلاع کے دس ہزار ستاسی امیدوار انتخابات لڑ رہے ہیں، جبکہ 707 امیدوار پہلے ہی بلامقابلہ منتخب ہوچکے ہیں۔ ان میں سے 118 کا تعلق کشمور، 50 کا قمبر، 38 کا لاڑکانہ، 53 کا خیرپور، 189 کا گھوٹکی، 128 کا حیدرآباد اور 92 کا شکارپور سے ہے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ پولنگ اسکیم کے تحت 8 اضلاع میں مرد اور خواتین ووٹرز کی مجموعی تعداد 42 لاکھ 81 ہزار 72 ہے۔

پولنگ کے لئے 4ہزار 4 سو 34 پولنگ اسٹیشنز اور 13 ہزار 5 سو 98 پولنگ بوتھس بنائے گئے ہیں، جِن پر 45 ہزار کا عملہ اپنے فرائض انجام دے گا۔

منگل کو الیکشن کمیشن نے پریزائڈنگ افسران کو مجسٹریٹ کے اختیار بھی تفویض کر دیئے جن کو زیر استعمال لاتے ہوئے وہ قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والوں کو جرمانے یا قید کی سزا سنا سکیں گے۔ اختیارات کی میعاد تین دن رکھی گئی ہے جو 30 اکتوبر سے شروع ہو کر یکم نومبر کو ختم ہوجائے گی۔

ضابطہٴاخلاق بھی جاری
ای سی پی کے جاری کردہ ضابطہٴاخلاق کے مطابق، مذکورہ تین دنوں کے دوران پولنگ اسٹیشن کے ارد گرد لاؤڈ اسپیکرز کے استعمال پر پابندی ہوگی، جبکہ کوئی بھی فرد یا جماعت اجتماعی یا افرادی طور پر شور شرابہ نہیں کر سکے گی۔

مذکورہ قواعد کی خلاف ورزی کی سزا تین ماہ قید رکھی گئی ہے جبکہ بیلٹ پیپر چھیننے، انہیں خراب کرنے یا انہیں باہر لے جانے والے افراد کو 6 ماہ قید اور 20 ہزار روپے نقد جرمانہ ادا کرنا ہوگا، جبکہ ووٹ کی رازداری ظاہر کرنے والے شخص کو بھی 6ماہ قید کی سزا ہوگی۔

XS
SM
MD
LG