رسائی کے لنکس

انگریزی سیکھئے: Journalist


بنیدادی مطلب روزنامچہ لکھنے والا ہے

آج کی خبر ہے:

British officials say a roadside blast in southern Afghanistan has killed a British journalist, a U.S. Marine and an Afghan soldier

یعنی برطانوی حکام کا کہنا ہے کہ جنوبی افغانستان میں سڑک کنارے بم دھماکے سے ایک برطانوی صحافی، ایک امریکی میرین اور ایک افغان سپاہی ہلاک ہو گیا ہے۔


لفظ ہے Journalist

اس کا مفہوم سمجھنے سے پیشتر لفظ جرنل کا جائزہ لینا ہوگا۔ جرنل کا ایک مطلب ہے ایسی کاپی جس میں روزمرہ کے واقعات، تجربات، مشاہدات قلم بند کئے جائیں۔ اسے ڈائری بھی کہہ سکتے ہیں۔ اس صورت میں اس کی حیثیت ذاتی ہوگی۔ لیکن جرنل مقننہ کی روئداد لکھنے کے لئے بھی استعمال ہوسکتا ہے۔

یوں توروزنامے کو بھی جرنل کہہ سکتے ہیں لیکن یہ لفظ زیادہ تران رسالوں کے لئے استعمال ہوتا ہے جو کسی خاص شعبے سے متعلق ہوں جیسے میڈیکل جرنل میں طب و صحت سے متعلق تازہ ترین تحقیق اور مشورے شامل ہوتے ہیں، جرنل آف ڈیموکریسی میں دنیا بھر میں جمہوریت کی صورتِ حال پر مضامین پیش کیے جاتے ہیں اورجرنل آف اکنامکس میں اقتصادی موضوعات زیرِ بحث آتے ہیں۔

دفتری زبان میں اس کاپی یا رجسٹر کو کہتے ہیں جس میں روزمرہ کے ضروری امور درج کئے جائیں۔ اس میں آمدنی خرچ کا حساب بھی شامل ہو سکتا ہے، ملاقات کے لئے آنے والوں کے نام پتے بھی یا ترتیب وار روزمرہ واقعات۔

اس لفظ کی تاریخ یہ ہے کہ لاطینی میں ڈائرنالِس کا مطلب تھا روزانہ۔ وہاں سے پرانی فرانسیسی میں یہ جُرنال بن کے پہنچا۔ چودھویں صدی میں یہ ان رجسٹروں کے لئے استعمال ہونے لگا جن میں گرجا گھروں کی روزمرہ کارروائیاں قلم بند کی جاتیں۔

جرنل سے بنا جرنلسٹ اور اس کا مطلب ہے وہ شخص جو روزناموں میں لکھتا یا خبروں کی تدوین کرتا ہے۔ میڈیا کے پھیلاؤ کے ساتھ ساتھ اس لفظ کے مفہوم میں ریڈیو، ٹیلی ویژن اور انٹرنیٹ پر لکھنے والے بھی شامل ہو گئے۔


اس لفظ کا یعنی جرنلسٹ کا اردو متبادل صحافی ہے۔ عربی لفظ ہے صحیفہ، جس کا لفظی مطلب پتہ یا کاغذ ہے، یعنی ایسی شے جس پر لکھا جا سکے۔ اصطلاحی معانی ہیں، اخبار، رسالہ، جریدہ۔

XS
SM
MD
LG