رسائی کے لنکس

لیبیا میں موجود پاکستانیوں کی مدد کے لیے ٹاسک فورس کا قیام


(فائل فوٹو)
(فائل فوٹو)

پاکستان نے کہا ہے کہ لیبیا کی صورت حال پر نظر رکھنے اور وہاں موجود پاکستانیوں کی مدد کے لیے دفتر خارجہ میں ایک خصوصی ٹاسک فورس قائم کر دی گئی ہے۔

دفتر خارجہ کی ترجمان تہمینہ جنجوعہ نے پیر کو ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ ٹاسک فورس لیبیا میں رونما ہونے والی تبدیلیوں پر 24 گھنٹے نظر رکھے گی۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ وزرات خارجہ طرابلس اور لیبیا کے پڑوسی ممالک میں اپنے سفارت خانوں سے قریبی رابطے میں ہے جب کہ لیبیا میں موجود پاکستانیوں سے کہا گیا ہے کہ وہ سلامتی کی خراب ہوتی صورت حال کے تناظر میں اپنے سفارت خانے سے مسلسل رابطہ رکھیں۔

ایک روز قبل قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران پوچھے گئے سوال کے جواب میں وزیر مملکت برائے اْمور خارجہ حنا ربانی کھر نے ایوان کو بتایا تھا کہ اس وقت لیبیا میں موجود پاکستانیوں کی تعداد 18 ہزار ہے۔

اْنھوں نے کہا تھا کہ لیبیا میں اگر حالات مزید بگڑتے ہیں تو پاکستانیوں کے انخلاء کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔

XS
SM
MD
LG