رسائی کے لنکس

معمر کہلانے کے لیے 85یا اُس سے بڑی عمر کا ہونا ضروری


معمر کہلانے کے لیے 85یا اُس سے بڑی عمر کا ہونا ضروری
معمر کہلانے کے لیے 85یا اُس سے بڑی عمر کا ہونا ضروری

ماہرین کہتے ہیں کہ سنہ 2050ء میں 65یا اُس سے زیادہ برس کے امریکی گھر بیٹھے پینشن پر گزارا نہیں کر رہے ہوں گے بلکہ گھر سے باہر ملازمتیں کررہے ہوں گے

’آدمی بلبلہ ہے پانی کا

اور پانی کی بہتی سطح پر

وقت کی موج پر سدا بہتا

آدمی بلبلہ ہے پانی کا‘

آپ اِس بات سے اتفاق کریں گے کہ انسان کی سب سے بڑی خواہش یہ ہوتی ہے کہ وہ طویل عمر پائے۔ اور، دعا بھی یہی دی جاتی ہے کہ ’تم جیو ہزار برس اور ہر برس کے دِن ہوں پچاس ہزار‘۔

دعا اپنی جگہ بہت ہی محبت بھری ہے مگر یہاں امریکہ میں لمبی عمر پانے والوں پر جو تحقیق ہو رہی ہے اُس میں کچھ تشویش بھی شامل ہے۔

امریکہ میں سنسس بیورو کے تجزیہ کار پیش گوئی کر رہے ہیں کہ آج جو لوگ 25برس کے ہیں سنہ 2050ء میں 65برس پر دستک دے رہے ہوں گے۔ اور اگر پیش گوئی درست ثابت ہوئی، تو نہ صرف یہ کہ 65برس کے لوگوں کی تعداد آج کے مقابلے میں دوگنا ہوجائے گی بلکہ آبادی میں اُن کا تناسب آج کے 12فی صد کے مقابلے میں بڑھ کر 21فی صد ہوجائے گا۔

اِس کے معنی یہ ہوئے کہ پانچ میں سے ایک یا اُس سے زیادہ امریکی اپنا نصف صدی کا سفر مکمل کرچکے ہوں گے اور اُن کا شمار معمر افراد یا سینئر سٹیزنز میں ہونے لگے گا۔ ماہرین کہتے ہیں کہ امریکی آبادی میں جِن خطوط پر اضافہ ہو رہا ہے، یہ جاری رہا تو آبادی کا ایک بڑا حصہ ہسپانوی ، افریقی امریکی اور ایشیائی امریکی باشندوں پر مشتمل ہوگا۔

ماہرین کہتے ہیں کہ سنہ 2050ء میں 65یا اُس سے زیادہ برس کے امریکی گھر بیٹھے پینشن پر گزارا نہیں کر رہے ہوں گے بلکہ گھر سے باہر ملازمتیں کررہے ہوں گے۔ اِس کی ایک وجہ یہ ہے کہ میڈیکل سائنس کی ترقی کی بدولت اُنھیں صحت کی بہتر سہولتیں حاصل ہوں گی اور بہتر تعلیم یافتہ ہوں گے۔تو پھر کیوں نہ چاہیں گے کہ کام کرتے رہیں؟

امریکہ میں 70برس یا زیادہ عمر کے افراد یا سینئر سٹیزنز کو حکومت کی طرف سے سوشل سکیورٹی کی صورت میں ایک مخصوص رقم ملتی ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ سنہ 2050ء یا اُس کے بعد ہو سکتا ہے عمر کی حد 70سے زیادہ کردی جائے۔

چناچہ، پینشن اور ’بائی آؤٹ‘ کی سہولتیں بھی اُسی حساب سے ملیں گی۔ اور یوں، واحد راستہ یہی ہوگا کہ ملازمت برقرار رکھی جائے، جس کے معنی یہ بھی ہیں کہ نوجوانوں کے لیے ملازمت کے مواقع اُسی طور پر سکڑتے جائیں گے۔ چناچہ، ماہرین کہتے ہیں کہ نوجوان امریکیوں کو چاہیئے کہ وہ ابھی سے کچھ نہ کچھ آڑے وقتوں بلکہ آخری وقتوں کے لیے بچانا شروع کردیں۔

مگر ساتھ ہی یہ بھی خیال ہے کہ معمر افراد کی تعداد بڑھے گی تو نرسنگ ہومز اور اُس طرح کے دیگر مراکز میں بھی اضافہ ہوگا اور ساتھ ہی اوسط عمر اور معمر لوگوں کےلیے عمر کی حد بھی تبدیل ہو جائے گی۔

65برس کے لوگ درمیانی عمر کا لقب پائیں گے اور معمر کہلانے کے لیے 85یا اُس سے بڑی عمر کا ہونا ضروری ہوگا۔

آئیے آپ اور ہم دیکھتے ہیں کہ کون جیتے گا اُس زلف کے سر ہونے تک۔

’آہ کوچاہیئے اِک عمر اثر ہونے تک

کون جیتا ہے تیری زلف کے سر ہونے تک‘

آڈیو رپورٹ سنیئے:

XS
SM
MD
LG