رسائی کے لنکس

بھارتی فورسز کی 'گولہ باری' سے چار پاکستانی ہلاک


لائن آف کنٹرول پر موجود بھارتی فورسز (فائل فوٹو)
لائن آف کنٹرول پر موجود بھارتی فورسز (فائل فوٹو)

حالیہ ہفتوں میں ہونے والی فائرنگ و گولہ باری کے باعث پاکستانی کشمیر میں لائن آف کنٹرول کے قریب واقع دیہاتوں سے لوگوں نے نقل مکانی بھی کی ہے جب کہ ان علاقوں میں لوگ خوف و ہراس کا شکار ہیں۔

پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں ہفتہ کو لائن آف کنٹرول کے پار سے بھارتی فورسز کی گولہ باری کے باعث چار افراد ہلاک اور دو زخمی ہوگئے۔

حکام اور مقامی رہائشیوں کے مطابق ہفتہ کی صبح بھارتی فورسز کی طرف سے داغا گیا گولہ ضلع کوٹلی کے گاؤں کرنی میں ایک گھر پر لگا جس سے تین بچیاں اور ایک لڑکا موت کا شکار ہوئے۔

حکام کے بقول لائن آف کنٹرول پر بھارتی کشمیر کی طرف سے فورسز نے چڑھوئی سیکٹر پر "بلا اشتعال" فائرنگ اور گولہ باری کی جس کا پاکستانی فورسز کی طرف سے بھرپور جواب دیا گیا۔

متنازع کشمیر کو دو حصوں کو منقسم کرنے والی عارضی حد بندی پر دونوں ملکوں کی فورسز کے درمیان حالیہ مہینوں سے فائرنگ کا تبادلہ آئے روز دیکھنے میں آ رہا ہے جس سے دونوں جانب جانی نقصان بھی ہو چکا ہے۔

دونوں ہمسایہ ایٹمی قوتیں فائربندی کے معاہدے کی خلاف ورزی میں پہل کا الزام ایک دوسرے پر عائد کرتے ہیں۔

حالیہ ہفتوں میں ہونے والی فائرنگ و گولہ باری کے باعث پاکستانی کشمیر میں لائن آف کنٹرول کے قریب واقع دیہاتوں سے لوگوں نے نقل مکانی بھی کی ہے جب کہ ان علاقوں میں لوگ خوف و ہراس کا شکار ہیں۔

پاکستان فائرنگ کے ان واقعات میں اپنے ہاں ہونے والے جانی نقصان پر اسلام آباد میں تعینات بھارتی سفارتکاروں کو طلب کر کے اپنا احتجاج بھی ریکارڈ کرواتا آ رہا ہے اور اس کا اصرار ہے کہ بھارت 2003ء کے فائر بندی معاہدے پر اس کی پوری روح کے ساتھ عمل کرے۔

دوسری طرف بھارت کا دعویٰ ہے کہ فائر بندی کی خلاف ورزی پاکستانی فورسز کی طرف سے کی جاتی ہے جس کے جواب میں اس کی فورسز بھی ایسی ہی کارروائی کرتی ہیں۔

پاکستان نے گزشتہ ہفتے ہی بتایا تھا کہ رواں سال لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر بھارت کی طرف سے 222 مرتبہ فائر بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی گئی جب کہ بھارت کا کہنا ہے کہ پاکستان 280 سے زائد مرتبہ اس خلاف ورزی کا مرتکب ہوا۔

XS
SM
MD
LG