رسائی کے لنکس

سندھ حکومت نومبر میں بلدیاتی انتخابات کرانے پر تیار


عدالت نے واضح طور پر 15 نومبر تک بلدیاتی انتخابات کرانے کے بھی احکامات جاری کئے .

کراچی .... صوبہ سندھ میں طویل مدت سے ٹلتے چلے آرہے بلدیاتی انتخابات کے نومبر میں انعقاد کا فیصلہ ہوگیا ہے۔اس بات کا اعلان ہفتے کو وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کراچی میں ایک اہم اجلاس کی صدارت کے بعد کیا۔

اس سے قبل جمعرات کو عدالت عظمیٰ نے حلقہ بندیوں کا اختیار الیکشن کمیشن کو دیتے ہوئے وفاق و صوبوں کو 5ماہ کے اندر اندر بلدیاتی انتخابات کی ہدایت کی تھی ۔ عدالت کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے جلد قانونی ترامیم کی جائیں ۔

عدالت نے واضح طور پر 15 نومبر تک بلدیاتی انتخابات کرانے کے بھی احکامات جاری کئے جس کے بعد وزیر اعلیٰ ہاوٴس کراچی میں ایک اہم اجلاس ہوا جس کی صدارت وزیراعلیٰ سید قائم علی شاہ نے کی۔

اجلاس میں صوبائی وزیراطلاعالت شرجیل میمن سمیت متعدد شخصیات نے شرکت کی جن میں سکندر مہندرو، میر ہزار خان بجارانی، سیکریٹری بلدیات اور سیکریٹری قانون بھی شامل ہیں۔

اس موقع پر میڈیا سے بات چیت میں وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت نے پہلے بھی عدالتی احکامات مانیں ہیں ، اب بھی مانے گی۔ ہم نومبر میں بلدیاتی انتخابات کرانے پر تیار ہیں۔

وزیراعلیٰ نے سیکریٹری بلدیات اور سیکریٹری قانون کی صدارت میں فعال رہنے والی ایک کمیٹی بھی تشکیل دی جس کا کام بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لینا ہے۔
XS
SM
MD
LG