رسائی کے لنکس

لندن سیاحوں کی پسندیدہ منزل: جائزہ رپورٹ


ویب سائٹ کے مطابق دنیا کے لاکھوں افراد کے جائزے کی بنیاد پر دنیا کی ٹاپ 25 سیاحتی مقامات میں سے لندن سیاحوں کی پہلی پسندیدہ منزل ہے۔

بین الاقوامی شہر لندن اپنے تعلیمی اداروں، عالمی ثقافتی ورثے، تاریخی مقامات اور زبان و ادب کےحوالے سے دنیا کا ثقافتی مرکز سمجھا جاتا ہے اور اب سیاحت کے لیے ایک معروف ویب سائٹ کی رینکنگ میں برطانیہ کے دارالحکومت لندن کو دنیا کا بہترین سیاحتی مقام قرار دیا گیا ہے۔

دنیا کے بہترین سیاحتی مقام کی نئی رینکنگ 'ٹرپ ایڈوائزر' نامی برطانوی ادارے کے لاکھوں صارفین کے سروے پر مبنی ہے جس میں لوگوں کی طرف سے پسندیدہ شہروں کے لیے اپنی رائے کا اظہار کیا گیا تھا۔

ویب سائٹ کے مطابق دنیا کے لاکھوں افراد کے جائزے کی بنیاد پر دنیا کے25 بہترین سیاحتی مقامات میں سے لندن سیاحوں کی پہلی پسندیدہ منزل ہے۔

پچھلے برس کے مقابلے میں لندن چھٹی پوزیشن سے چھلانگ لگا کر دنیا کے پسندیدہ ترین شہروں مثلا پیرس، روم اور نیویارک سے آگے نکل گیا ہے۔

یہ دوسرا موقع ہے جب لندن کو دنیا کا پسندیدہ شہر قرار دیا گیا ہے۔ اس سے قبل 2012 میں لندن کو دنیا کا پسندیدہ سیاحتی مقام ہونے کا اعزاز حاصل ہوا تھا۔

درجہ بندی کے حوالے سے نئی فہرست میں ترکی کے دارالحکومت استنبول کو دنیا کا دوسرا پسندیدہ سیاحتی شہر قرار دیا گیا ہے۔

ادارے کا کہنا ہے کہ پچھلے بارہ ماہ کی مدت میں لندن شہر کو سب سے زیادہ ویب سائٹ پر تلاش کیا گیا اور کسی بھی دوسرے شہر کےمقابلے میں لندن پر سب سے زیادہ تبصرے ہوئے ہیں۔

لندن میں بیرون ملک سے آنے والے سیاحوں کی تعداد میں 2012 کے بعد سے ریکارڈ اضافہ ہوا ہے اور 2014 میں تقریبا 17.4 ملین افراد نے شہر کا دورہ کیا تھا۔

ٹرپ ایڈوائزر کی ویب سائٹ سے ظاہر ہوتا ہے کہ پچھلے سال لندن کے بارے میں 10 لاکھ سے زائد تبصرے ہوئے جو 2014 کے مقابلے میں 43 فیصد زیادہ تھے جبکہ نیویارک شہر کے بارے میں 680,000 ہزار تبصرے کئے گئے۔

سیاحوں کی طرف سے برطانیہ میں سب سے زیادہ تبصرے شاہی باغیچہ 'کووینٹ گارڈن' کو ملے ہیں۔ اس کے علاوہ سیاحوں کی طرف سے لندن کے تفریخی مقامات، ہوٹلوں اور ریستورانوں کو پسندیدگی کے حوالے سے 5 میں سے 4 نمبر دئیے گئے۔

نئی درجہ بندی کے مطابق مراکش کا اسی نام کا شہر مراکش دنیا کا تیسرا بہترین سیاحتی مقام ہے۔

پیرس اور کمبوڈیا کے شہر سئیم رئیپ کو دنیا کا چوتھا اور پانچواں پسندیدہ سیاحتی مقام قرار دیا گیا ہے۔

ان کے علاوہ جہموریہ چیک کا دارالحکومت پراگ اور اٹلی کا دارالحکومت روم کو سیاحت کے لیے بالترتیب دنیا کے چھٹا اور ساتواں پسندیدہ شہر قرار دیا گیا ہے۔

دریں اثناء ویت نام کا دارالحکومت ہنوئی اور سیاحوں کا پسندیدہ شہر نیویارک آٹھویں اور نویں نمبر پر ہیں اور انڈونیشیا کا جزیرہ اوبد دنیا کا دسواں بہترین سیاحتی مقام ہے۔

ان کے علاوہ فہرست کے مطابق دبئی اور بنکاک دنیا کے 13ویں اور 15ویں بہترین سیاحتی شہر ہیں۔

XS
SM
MD
LG