رسائی کے لنکس

پاکستانی فلم ’ماہ میر‘ کی بھارتی شہر جے پور میں نمائش


فلم نے کچھ اس طرح حاضرین کو اپنے سحر میں جکڑا کہ فلم ختم ہونے کے کچھ ہی دیر بعد تک مجمع پر سکوت طاری رہا اور جب یہ سکوت ٹوٹا تو سب نے کھڑے ہو کر بے تحاشا تالیوں سے فلم کو پذیرائی بخشی

اردو کے کلاسک شاعر، میر تقی میر کی زندگی پر بنی پاکستانی فلم ’ماہ میر‘۔۔ باکس آفس کے اعداد و شمار کے حوالے سے تو کوئی کمال نہ دکھا سکی تھی، لیکن مقامی نقادوں اور بین الاقوامی فلمی میلوں میں خوب داد سمیٹنے میں کامیاب رہی۔۔ اور۔۔۔یہ سلسلہ اب تک جاری ہے۔

بھارتی ریاست راجستھان میں ’جے پور انٹرنیشنل فلم فیسٹول‘ منعقد ہوا جس میں فلم ’ماہ میر‘ نے پاکستان کی نمائندگی کی۔ راجستھان ایڈلٹ ایجوکیشن ایسوسی ایشن میں ’ماہ میر‘ کی نمائش کی گئی۔

فلم کے پبلسٹی سے تعلق رکھنے والے اہل کار، تراب علی زمزی نے ’وائس آف امریکا‘ کو بتایا کہ ’ماہ میر‘ کی نمائش کے وقت ’’ہال معروف مصنفین، شعراء، صحافیوں اور تعلیمی ماہرین سے کھچا کھچ بھرا ہوا تھا۔‘‘

فلم نے کچھ اس طرح حاضرین کو اپنے سحر میں جکڑا کہ فلم ختم ہونے کے کچھ دیر بعد تک مجمع پر سکوت طاری رہا؛ اور جب یہ سکوت ٹوٹا تو سب نے کھڑے ہو کر بے تحاشا تالیوں سے فلم کو پذیرائی بخشی۔

توقع یہی ہے کہ دیگر عالمی میلوں میں بھی ’ماہ میر‘ ایسے ہی پاکستان کا نام روشن کرے گی۔

فلم کو ڈائریکٹ کیا تھا انجم شہزاد نے اور اسکرین پلے سرمد صہبائی نے لکھا تھا۔ فہد مصطفیٰ اور ایمان علی نے فلم میں مرکزی کردار ادا کیا، جبکہ علی خان، صنم سعید اور دیگر بھی کاسٹ کا حصہ تھے۔

XS
SM
MD
LG