رسائی کے لنکس

ماہ نور بلوچ کی ہالی ووڈ فلم ریلیز کے لئے تیار


فلم کی کہانی دو جواں سال بیٹوں اور ان کی ماوٴں کے گرد گھومتی ہے۔ ان میں سے ایک ماں کا کردار ’مریم‘ ماہ نور نے ادا کیا ہے

ماہ نور بلوچ۔۔پاکستانی ماڈلنگ کی دنیا کا ایک جانا پہچانا نام ہے۔ اب یہی نام اور چہرہ آپ کو ہالی ووڈ کی فلم ’ٹورن‘ میں نظر آئے گا۔ ’ٹورن‘ 18 اکتوبر کو ریلیز ہونے والی ہے۔ تاہم، اس کا ٹریلر ریلیز ہو چکا ہے۔

فلم کی کہانی دو جواں سال بیٹوں اور ان کی ماوٴں کے گرد گھومتی ہے۔ ان میں سے ایک ماں کا کردار ’مریم‘ ماہ نور نے ادا کیا ہے۔ مریم اور دوسری عورت کا بیٹا اچانک ایک شاپنگ مال میں ہونے والے بم دھماکے میں مارے جاتے ہیں۔

ان کی ناگہانی موت دونوں عورتوں کو ایک دوسرے کے قریب لے آتی ہے۔ حالانکہ، دونوں کے مزاج اور عادات ایک دوسرے سے یکسر مختلف ہیں۔ فلم میں بیٹوں کی موت کے بعد ان دونوں کو کن حالات میں زندگی گزارنا پڑتی ہے، یہی فلم کا اصل موضوع ہے خاص کر ایسی صورتحال میں جبکہ انہی کے بیٹے کو بم دھماکے کا ملزم ٹھہرادیا جاتا ہے۔

فلم میں ماں کے دلی جذبات کی جس طرح منظر کشی کی گئی ہے وہ دیکھنے سے تعلق رکھتی ہے۔ فلم کے مکالموں کا بھی کوئی جواب نہیں۔ فلم کا فوکس امریکا میں مقیم پاکستانی فیملی کو بنایا گیا ہے۔

فلم کی دیگر کاسٹ میں ڈنڈری ٹیلر، فرحان طاہر، شیرون واشنگٹن اور جان ہارڈ شامل ہیں۔ فلم کی ہدایت کار جریمیا برن بورن ہیں۔

ماہ نور بلوچ سے قبل پاکستان ٹی وی کی نامور اداکارہ صبا (حمید) کی بیٹی میشا شفیع ہالی ووڈ فلم میں کام کرچکی ہیں۔ ماہ نور بلوچ نے اسی مہینے ریلز ہونے والی فلم ’میں ہوں شاہد آفریدی‘ میں بھی کام کیا ہے۔
XS
SM
MD
LG