رسائی کے لنکس

کراچی: ڈرامہ فیسٹیول، مہیش بھٹ کا پرجوش خیر مقدم متوقع


فیسٹیول میں امریکہ، انگلینڈ، بھارت اور جرمنی کے تھیٹر آرٹسٹ اور ڈائریکٹر اپنے اپنے ڈرامے پیش کریں گے، جبکہ جو پاکستانی تھیٹر گروپس اس فیسٹیول کی جان ہوں گے ان میں مدیحہ گوہر کا ’اجوکا تھیٹر‘، شیماکرمانی کا ’تحریک نسواں‘ اور ’آزاد تھیٹر‘ شامل ہیں

مہیش بھٹ بالی وڈ کا ایک بڑا نام ہیں، جن کی بطور ڈائریکٹر اور پروڈیوسر کامیاب فلموں کی فہرست خاصی طویل ہے۔ انہی کامیاب اور ہٹ فلموں میں سے ایک ہٹ فلم ’ڈیڈی‘ کراچی میں پیش ہونے والی ہے ۔۔۔۔ لیکن، فلم کی صورت میں نہیں بلکہ اسٹیج پر۔

مہیش بھٹ 12 مارچ سے شروع ہونے والے ’ناپا انٹرنیشنل تھیٹر فیسٹول‘ میں شرکت کے لئے اپنے اسٹیج پلے ’ڈیڈی‘ کے ساتھ کراچی پہنچ رہے ہیں۔ وہ سنہ 1989 میں اسی نام سے ایک فلم بھی ڈائریکٹ کرچکے ہیں۔ لیکن، اب ’ڈیڈی‘ کراچی میں اسٹیج ہونے والا ہے۔

ناپا ری پیٹری تھیٹر کے آرٹسٹک ڈائریکٹر، زین احمدکے مطابق مختلف ملکوں کے جانے پہچانے تھیٹر آرٹسٹس فیسٹیول میں اپنا فن پیش کریں گے۔ لیکن، مہیش بھٹ کا پلے ’ڈیڈی‘ کے حوالے سے توقع کی جارہی ہے کہ اس کا سب سے زیادہ پرجوش خیرمقدم کیا جائے گا۔ ’ڈیڈی‘ کی اسٹیج کے لئے ڈائریکشن ڈاکٹر دانش اقبال کی ہوں گی۔

فیسٹیول میں امریکہ، انگلینڈ، بھارت اور جرمنی کے تھیٹر آرٹسٹس اور ڈائریکٹرز اپنے اپنے ڈرامے پیش کریں گے، جبکہ جو پاکستانی تھیٹر گروپس اس فیسٹیول کی جان ہوں گے ان میں مدیحہ گوہر کا ’اجوکا تھیٹر‘، شیما کرمانی کا ’تحریک نسواں‘ اور ’آزاد تھیٹر‘ شامل ہیں۔

زین احمد کے مطابق، فیسٹول میں بہت سے دلچسپ ڈرامے پیش کئے جائیں گے مثلاً’’میوزیم آف اسپیشیز ان ڈینجر‘ جسے اکبر چوہدری نے لکھا ہے جبکہ کاسٹ میں بہت سے پاکستانی اور بھارتی آرٹسٹ شامل ہیں۔

بیس دن چلنے والے تھیٹر فیسٹیول کی افتتاحی تقریب میں ناپا کی دسویں سالگرہ کا جشن بھی منایا جائے گا۔ اس حوالے سے ناپا کے اسٹوڈنٹس خصوصی طورپر تیارکردہ کھیل اسٹیج کریں گے۔

XS
SM
MD
LG