رسائی کے لنکس

بہت کر لیا رومینس، اب منفی کردار ادا کروں گی: مائرہ


’میں جو بھی کردار ادا کروں، وہ میرے اندر سما جاتا ہے اور میں اس کردار میں ڈھل جاتی ہوں۔ صبا کا کردار بھی میرے اندر رچ بس گیا تھا اور میری پہلی ترجیح اس سے پیچھا چھڑانا تھا۔ یہ ایک مشکل کردار تھا‘

باصلاحیت اداکارہ، مائرہ خان کو لوگوں نے ہمیشہ مثبت اور رومانوی کرداروں میں دیکھا اور پسند کیا ہے۔ لیکن، خود مائرہ خان کی خواہش ہے کہ وہ اس طرح کے کرداروں سے ہٹ کر کسی فلم یا ڈرامے میں منفی کردار ادا کریں۔

بلاک بسٹر ڈرامہ سیریل ’ہمسفر‘ میں مظلوم لیکن مضبوط لڑکی کا کردار مائرہ خان نے اتنی خوبصورتی اور مہارت سے ادا کیا کہ دیکھتے ہی دیکھتے انہوں نے شہرت اور مقبولیت کی بہت سی منزلیں ایک ہی جست میں طے کر لیں۔

مائرہ خان ان دنوں اپنی فلم ’بن روئے‘ کی کامیابی اور اس میں نبھائے گئے صبا کے کردار پر اپنے شائقین اور ناقدین سے تعریفیں سمیٹنے میں مصروف ہیں۔

’ایکسپریس ٹریبیون‘ سے بات چیت میں مائرہ خان کا کہنا تھا: ’مجھے چیلنجز پسند ہیں۔ روایت یا ڈگر سے ہٹ کر منفی اور ’سازشی ٹائپ‘ کا کردار ملا تو شوق سے کروں گی۔‘

ایک سوال کے جواب میں مائرہ نے کہا کہ ’بن روئے‘ کی صبا کا کردار پیچیدہ نوعیت کا تھا جو مجھے دلچسپ لگا۔ میں جو بھی کردار ادا کروں وہ میرے اندر سما جاتا ہے اور میں اس کردار میں ڈھل جاتی ہوں۔ صبا کا کردار بھی میرے اندر رچ بس گیا تھا اور میری پہلی ترجیح اس سے پیچھا چھڑانا تھا۔ یہ ایک مشکل کردار تھا۔ میں نے اپنے اب تک کے کیرئیر میں ایسا کردار پہلے ادا نہیں کیا۔ اس کردار میں منفی رنگ بھی نمایاں تھا۔‘

مائرہ کے بقول، ’منفی رول کے علاوہ جو کردار کرنا اچھا لگے گا وہ مزاحیہ ہے۔ اگر موقع ملے تو مزاحیہ کردار بھی بہت شوق سے کروں گی۔ میں نے کبھی بھی کامک رول نہیں کیا اس لئے جب بھی موقع ملا مزاحیہ کردار ضرور کروں گی۔‘

مائرہ خان جو بھی رول اپنے لئے چنیں، فی الحال تو ان کے پاس مختلف رولز کی بے شمار آفرز موجود ہیں۔

ناقدین کا کہنا ہے کہ، اُن کی صلاحیت اور شخصیت کو دیکھتے ہوئے یہ کہا جا سکتا ہے کہ مائرہ شوبز کے آسمان پر چمکتا ستارہ بن کر بہت دیر تک جگمگائیں گی۔

XS
SM
MD
LG