رسائی کے لنکس

یوم ملالہ: امن اور لڑکیوں کی تعلیم پر زور


ملالہ یوسفزئی
ملالہ یوسفزئی

اقوام متحدہ کے خصوصی مندوب برائے تعلیم گورڈن براؤن نے کہا کہ ملالہ کی آواز اب لڑکیوں کی تعلیم کے حق میں بلند ہونے والی ایک مضبوط تحریک بن گئی ہے۔

طالبان کے حملے میں زخمی ہونے والی 15 سالہ پاکستانی طالبہ ملالہ یوسفزئی کی لڑکیوں کی تعلیم کے لیے کی جانے والی کوششوں کے اعتراف میں عالمی سطح پر ہفتے کو ’یوم ملالہ‘ منایا جا رہا ہے۔

اقوام متحدہ کی طرف سے 10 نومبر کے دن کو’ملالہ‘ کے نام سے منصوب کرنے کا مقصد حکام کے بقول دنیا بھر میں تعلیم سے محروم لڑکیوں کے لیے حصول علم کے لیے کی جانے والی کوششوں کو تیز کرنا ہے۔

طالبان کے حملے میں زخمی ہونے والی یہ پاکستانی طالبہ ملالہ یوسفزئی بچوں خصوصاً لڑکیوں کی تعلیم کے لیے صدا بلند کرتی رہی ہیں۔

ملالہ کی مکمل صحت یابی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں
ملالہ کی مکمل صحت یابی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں


وادی سوات پر طالبان کے غلبے کے دوران حصول علم کا سلسلہ جاری رکھنے والی اس بہادر لڑکی کو شدت پسندوں نے نو اکتوبر کو حملہ کر کے شدید زخمی کر دیا تھا اور پاکستان میں ابتدائی آپریشن کے بعد ڈاکٹروں کے مشورے پر انھیں برطانیہ بھیج دیا گیا تھا جہاں وہ اب بھی زیر علاج ہیں۔

قومی امن انعام یافتہ اس لڑکی پر حملے کی عالمی سطح پر مذمت کی گئی اور ’یوم ملالہ‘ کی مناسبت سے پاکستان میں منعقدہ تقاریب میں شرکت کے لیے اقوام متحدہ کے تعلیم کے لیے خصوصی مندوب گورڈن براؤن بھی اسلام آباد کا دورہ کر رہے ہیں۔

ہفتہ کو وزارت تعلیم و تربیت کے وفاقی وزیر شیخ وقاض اکرم کے ہمراہ ایک نیوز کانفرنس سے خطاب میں گورڈن براؤن نے کہا کہ ملالہ کی آواز اب لڑکیوں کی تعلیم کے حق میں بلند ہونے والی ایک مضبوط تحریک بن گئی ہے۔

’’میں نے کچھ دیواروں پر درج نعروں کو دیکھا جن میں کہا گیا کہ ملالہ امن اور تعلیم کی آواز ہے۔ لوگ یہ کہہ رہے ہیں کہ وہ لڑکیوں کی تعلیم کے حق کے لیے اُس کے ساتھ کھڑے ہیں کیوں کہ وہ ملک میں امن دیکھنا چاہتے ہیں۔‘‘


گورڈن براؤن ملالہ کی حمایت میں 10 لاکھ دستخطوں پر مبنی ایک مراسلہ بھی ساتھ لائے تھے جو انھوں نے جمعہ کو صدر آصف علی زرداری کو پیش کیا تھا۔

اقوام متحدہ کے خصوصی مندوب برائے تعلیم گورڈن براؤن
اقوام متحدہ کے خصوصی مندوب برائے تعلیم گورڈن براؤن

پاکستان نے ملالہ سے یکجہتی کے لیے اقوام متحدہ کی اس کاوش کو سہراتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کو یقین ہے کہ تعلیم برداشت کے رویوں کو فروغ دینے کا سبب بنتی ہے اور اس مقصد کا حصول جاری رکھا جائے۔

وزیراطلاعات قمر زمان کائرہ نے کہا کہ ملالہ نے تعلیم کے حق اور انتہا پسندی کے خلاف صدا بلند کر کے پاکستان کے حقیقی موقف کا اجاگر کیا۔

’’ملالہ اُس سوچ کی نمائندگی کر رہی ہے، جو پاکستان کے اندر انتہا پسندی کے خلاف امن کی آواز ہے جو ہماری حقیقی آواز ہے۔ آج ساری پاکستانی قوم پوری دنیا کے ساتھ مل کر اس بچی کی فکر کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کر رہی ہے۔‘‘

پاکستان میں انسانی حقوق کی تنظیموں کا کہنا ہے کہ یوم ملالہ پر اس بہادر لڑکی کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ضروری ہے کہ حکومت اور پاکستانی عوام بچوں خصوصاً لڑکیوں کی تعلیم کے حق میں اٹھ کھڑے ہوں اور اگر ایسا نا کیا گیا تو اس مقصد کا حصول ممکن نہیں ہو گا جس کے لیے ملالہ یوسفزئی صدا بلند کرتی رہی ہے۔
XS
SM
MD
LG