رسائی کے لنکس

مالے کی افریقی یونین سربراہ کانفرنس کی میزبانی سے معذرت


افریقی یونین کی جانب سے صدر عمر البشیر کو مدعو کرنے پر اصرار کے بعد مالے نے آئندہ ہونے والے افریقی یونین سربراہ کانفرنس کی میزبانی سے معذرت کرلی ہے۔صدربشیر جنگی جرائم کے الزامات میں عالمی فوجداری عدالت کو مطلوب ہیں۔

مالے کے نائب صدر خمبو کچالی نے سرکاری ریڈیوپر اپنی ایک تقریر میں کہاہے کہ جمعے کو کابینہ نے اجلاس میں یہ فیصلہ کیا کہ ان کا ملک اس کانفرنس کی میزبانی نہیں کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ وزراء نے یہ فیصلہ مالے کے عوام کے بہترین مفاد میں کیا ہے۔

مالے کے ایک اخبار نے اس ہفتے اپنی ایک اشاعت میں لکھا ہے کہ صدر بشیر کے سربراہ اجلاس میں آنے کی صورت میں حکام انہیں گرفتار کرنے کے لیے تیار ہیں۔

پروگرام کے مطابق کانفرنس کو 9 جولائی سے شروع ہوناہے۔

سوڈان کی وزارت خارجہ یہ کہتے ہوئے کہ مسٹر بشیر کے معاملے پر مالے کا موقف افریقی یونین سے متصادم ہے، کانفرنس ایتھوپیا منتقل کرنے کی درخواست کرچکی ہے۔

عالمی فوجداری عدالت نے سوڈان کے صدر کے خلاف دافر کے علاقے میں انسانیت کے خلاف جرائم، قتل عام اور جنگی جرائم کے الزامات کے تحت گرفتاری کے وارنٹ جاری کررکھے ہیں۔

صدر بشیر کی حکومت 2003ء سے علاقے میں باغیوں کے ساتھ برسرپیکار ہے۔

XS
SM
MD
LG