رسائی کے لنکس

ملائشیا :حکومت لفظ اللہ کے استعمال پر عدالتی فیصلے کے خلاف اپیل کرے گی


یہ لفظ صرف مسلمان ہی استعمال کرسکتے ہیں:: حکومت

ملائشیا کی حکومت نے وعدہ کیا ہے کہ وہ عدالت کے اُس فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرے گی، جس کے تحت ایک کیتھولک اخبار کو خدا کے معنوں میں لفظ اللہ استعمال کرنے کی اجازت دی گئى ہے۔

مسلمان اکثریت کے ملک میں حکومت اور ایک اخبار کے درمیان طویل عرصے سے جاری ایک تنازعے کے بعدملائشیا کی ہائى کورٹ نے پچھلے ہفتے فیصلہ سنایا تھا کہ ہفت روزہ ہیرلڈ کو لفظ اللہ استعمال کرنے کا حق حاصل ہے۔

ہیرلڈ ایک طویل عرصے سے اپنے مَلے زبان کے ایڈیشن میں انگریزی کے لفظ ”گاڈ “ کے ترجمے کے طور پر لفظ اللہ استعمال کرتا رہا ہے۔ لیکن حکومت کا استدلال یہ ہے یہ لفظ صرف مسلمان ہی استعمال کرسکتے ہیں۔

ہفتے کے روز حکومت کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیرِ اعظم کا دفترعدالت کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرے گا۔

ملائشیا کی دو کروڑ 70 لاکھ کی آبادی میں 60 فیصد کے قریب لوگ نسلی اعتبار سے مَلے ہیں اور وہ مسلمان ہیں۔ ملک کی باقی بیشتر آباد ی نسل کے لحاظ سے چینی یا بھارتی ہے اور ان لوگوں کا مذہب بدھ مت، عیسائیت یا ہندو مت ہے۔

XS
SM
MD
LG