رسائی کے لنکس

ملائشیا: لفظ اللہ استعمال کرنے پر گرجاگھروں پر حملے



ملائشیا میں غیر مسلموں کی جانب سے لفظ اللہ کے استعمال پر بڑھتی ہوئى کشیدگی کے دوران پچھلے دو دنوں میں چوتھے گرجا گھرکو آتش زنی کا ہدف بنا یا گیا ہے۔

کوالالمپور میں گُڈ شَیپرڈ لُودَرن چرچ پر ہفتے کے روز آگ لگانے والے بم پھینکے گئے۔ گرجا گھر کے عہدے داروں نے کہا ہے کہ اُن کے خیال میں بم ، عمارت کی پہلی اور دوسری منزل کی کھڑکیوں پر پھینکے گئے تھے۔انہوں نے کہا ہے کہ ایک دیوار کے کچھ حصّوں کو نقصان پہنچا ہے، لیکن کوئى زخمی نہیں ہوا۔

آتش زنوں نے جمعے کے روز تین اور گرجا گھروں پر حملے کیے تھے، جن میں سے ایک کو آگ لگنے سے بُری طرح نقصان پہنچا ہے۔

مسلم اکثریت کے اس ملک میں مذہبی بنیادوں پر کشیدگی اُس وقت سے بڑھی ہوئى جب دسمبر کے آخر میں ملائشیا کی عدالتِ عالیہ نے حکومت کی عائد کردہ اُس پابندی کو ختم کردیا تھا، جس کے تحت غیر مسلم خدا کے لیے لفظ اللہ استعمال نہیں کرسکتے تھے۔

ملائشیا میں مسلمان تنظیموں نے عدالت کے اس فیصلے کے خلاف جمعے کے روز پورے ملک میں احتجاجی مظاہرے کیے۔

وزیرِ اعظم نجیب رزّاق نے تمام عبادت گاہوں کے اطراف میں حفاظتی انتظامات میں اضافہ کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

ملائشیا کے رومن کیتھولک اخبار ہیرلڈ نے ملک کی دوسری مذہبی اور نسلی اقلیتوں کی جانب سے حکومت کی عائد کردہ پابندی کے خلاف قانونی جنگ کی قیادت کی تھی۔ اخبار کے ایڈیٹر ہیرلڈ کے مَلے زبان کے ایڈیشن میں لفظ اللہ استعمال کرنا چاہتے تھے اور اس کی اجازت حاصل کرنے کے لیے انہوں نے عدالت میں یہ دلیل پیش کی تھی کہ مَلے زبان میں خدا کے لیے صرف ایک ہی لفظ ہے، اور وہ اللہ ہے۔

ملائشیا کی دو کروڑ 70 لاکھ کی آبادی میں تقریباً 60 فیصد لوگ ملائی ہیں اور وہ سب مسلمان ہیں ۔اہم مذہبی اقلیتوں میں بدھ مَت، عیسائیت اور ہندومَت کے پیرو کار شامل ہیں۔

XS
SM
MD
LG