رسائی کے لنکس

ملائشیا: چرچ پر آتش گیر بم حملے کے شبہے میں آٹھ افراد گرفتار



ملائشیا کے عہدے داروں نے ایک عیسائی کلیسا پر آتشیں بم دھماکے کے سلسلے میں آٹھ افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ یہ دھماکا ان سلسلہ وار حملوں میں سے ایک تھا جو اس ماہ کے شروع میں لفظ ’اللہ ‘کے استعمال پر عدالت کے ایک متنازع فیصلے کے نتیجے میں شروع ہوئے تھے۔

ان آٹھ مشتبہ افراد کو اس حملے کے سلسلے میں گرفتار کیا گیا ہے جس سے کوالا لمپور کے مضافات میں واقع ایک کلیسا کی پوری پہلی منزل تباہ ہو گئی تھی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ یہ تمام آٹھ مشتبہ افراد کا تعلق ملائشیا سے ہے اور ان کی عمریں 20سے 30سال کے درمیان ہیں۔ انہیں اس وقت گرفتار کیا گیا جب ان میں سے ایک نے جلے ہوئے زخموں کے علاج کی کوشش کی۔

گزشتہ ماہ 11 عیسائی کلیساؤں اور ایک گردوارے اور ایک مسجد پر اس کے بعد حملے ہوئے جب ملائشیا کی ہائی کورٹ نے یہ فیصلہ دیا کہ غیر مسلم خدا کے لیے لفظ ’اللہ استعمال کر سکتے ہیں۔

عدالت نے ایک رومن کیتھولک اخبار ’دی ہیرلڈ‘ کے حق میں فیصلہ دیا تھا جو اپنے غیر انگریزی ایڈیشنز میں یہ لفظ استعمال کرنا چاہتا تھا۔

اس فیصلے سے ملائشیا کی مسلمان کمیونٹی برہم ہو گئی جو ملک کے دو کروڑ ستر لاکھ کی آبادی کا لگ بھگ 60 فیصد حصہ ہیں۔ بڑی بڑی اقلیتوں میں بدھ، عیسائی اور ہندو شامل ہیں۔

XS
SM
MD
LG