رسائی کے لنکس

ملائیشیا میں سیلاب، وزیراعظم نے غیر ملکی دورہ مختصر کر دیا


وزیراعظم نجیب رزاق (فائل فوٹو)
وزیراعظم نجیب رزاق (فائل فوٹو)

ملائیشیا میں سیلاب کے باعث ایک لاکھ سے زائد لوگ بے گھر ہوئے جب کہ پانچ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

ملائیشیا کے وزیراعظم جو امریکہ میں چھٹیاں گزار رہے تھے، نے اپنے دورے کو مختصر کر کے ملک واپس پہنچنے کا فیصلہ کیا تاکہ سیلاب کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کی کوششوں کی نگرانی کر سکیں۔

وزیر اعظم نجیب رزاق جنہیں دو جنوری کو کوالالمپور واپس پہنچنا تھا اُنھوں نے کہا کہ وہ ہفتہ کو وطن پہنچ جائیں گے۔ ملائیشیا کو حالیہ برسوں کے بدترین سیلاب کا سامنا ہے۔

وزیراعظم نجیب رزاق کو رواں ہفتے اُس وقت تنقید کا سامنا کرنا پڑا جب اُن کی امریکہ کے صدر براک اوباما کے ساتھ ریاست ہوائی میں گالف کھیلتے ہوئے تصویر منظر عام پر آئی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’فیس بک‘ پر لوگوں کی طرف سے شائع کیے گئے پیغامات میں وزیراعظم نجیب رزاق پر زور دیا گیا کہ وہ وطن واپس پہنچیں۔

سیلاب کے باعث ایک لاکھ سے زائد لوگ بے گھر ہوئے جب کہ پانچ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

خبر رساں ادارے ’ایسوسی ایٹیڈ پریس' کے مطابق ملائیشیا کے وزیراعظم نے کہا کہ سیلاب کے باعث اُنھیں ’شدید تشویش‘ ہے۔ اُنھوں نے کہا کہ سیلاب کے باعث وہ لوگ جن کے گھر نہیں رہے اور جن کے پیارے اُن سے جدا ہوئے وہ اُن کے دکھ کو سمجھ سکتے ہیں۔

عہدیداروں نے ملائیشیا کے شمال سے پانچ دیہاتوں اور قصبوں سے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا، یہ علاقے شدید بارشوں کے باعث زیر آب ہیں۔

ملائیشیا میں موسم کی پیشگی اطلاع دینے والوں کا کہنا ہے کہ آئندہ چند روز میں مزید بارشوں کی توقع ہے اور اس سے وہ علاقے بھی متاثر ہو سکتے ہیں جو حالیہ سیلاب سے اب تک محفوظ رہے۔

XS
SM
MD
LG