رسائی کے لنکس

مالدیپ: صدر کی کشتی میں دھماکے کے شبہے میں نائب صدر گرفتار


صدر عبداللہ یامین (فائل فوٹو)
صدر عبداللہ یامین (فائل فوٹو)

وزیرداخلہ عمر نصیر نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ ادیب کے خلاف "غداری" کا الزام ہے۔ پولیس ترجمان کے بقول نائب صدر کو دھونیدھو کے حراستی مرکز میں رکھا گیا ہے۔

مالدیپ میں پولیس نے صدر عبداللہ یامین عبدالقیوم کی کشتی میں ہونے والے دھماکے کی تحقیقات کے سلسلے میں نائب صدر احمد ادیب کو گرفتار کر لیا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق ادیب کو ہفتہ کو ہوائی اڈے پر اس وقت حراست میں لیا گیا جب وہ چین کے دورے سے واپس وطن پہنچے۔

گزشتہ ماہ سعودی عرب سے حج کی ادائیگی کے بعد صدر یامین وطن واپس پہنچنے پر صدارتی کشتی میں محو سفر تھے کہ اس میں ایک زوردار دھماکا ہوا۔ صدر تو اس واقعے میں محفوظ رہے لیکن ان کی اہلیہ اور سرکاری محافظ زخمی ہوگئے تھے۔

حکام اسے پہلے تو کشتی میں فنی خرابی کے باعث ہونے والا دھماکا سمجھتے رہ لیکن بعد میں تحقیقات سے پتا چلا کہ یہ صدر پر قاتلانہ حملے کی مبینہ کوشش تھی۔

پولیس کے ایک ترجمان نے نائب صدر کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ "احمد ادیب کو دھونیدھو کے حراستی مرکز میں رکھا گیا ہے۔"

وزیرداخلہ عمر نصیر نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ ادیب کے خلاف "غداری" کا الزام ہے۔

احمد ادیب صدر یامین کے بہت وفادار ساتھیوں میں سے ایک سمجھے جاتے تھے جنہیں رواں سال جولائی میں ہی وزیر سیاحت کے عہدے سے ہٹا کر نائب صدر مقرر کیا گیا۔

صدر نے اس تقرری کے لیے پارلیمان سے قانون میں ترمیم بھی کروائی جس کے مطابق ملک کا صدر یا نائب صدر بننے کے لیے کم سے کم عمر کو 35 سے کم کر کے 30 سال کر دیا گیا۔

XS
SM
MD
LG