رسائی کے لنکس

ملائیشیا میں پارلیمان تحلیل، نئے انتخابات کا اعلان


(فائل فوٹو)
(فائل فوٹو)

وزیراعظم نجیب رزاق نے ملائیشیا کے شاہ کی اجازت سے پارلیمنٹ کو فوری تحلیل کرنے کا اعلان کیا، توقع ہے کہ الیکشن کمیشن ایک ہفتے میں اجلاس کے بعد انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرے گا۔

ملائیشیا کے وزیر اعظم نے ملک کی پارلیمنٹ تحلیل کرتے ہوئے نئے انتخابات کا اعلان کیا ہے۔

انتخابات میں وزیراعظم نجیب رزاق کی طویل عرصے سے حکمران جماعت اتحادی نیشنل فرنٹ اور حزب مخالف رہنما انور ابراہیم کے تین جماعتی اتحاد کے درمیان کانٹے کے مقابلے کی توقع کی جارہی ہے۔

بدھ کو ٹیلی ویژن پر قوم سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نجیب رزاق نے ملائیشیا کے شاہ کی اجازت سے پارلیمنٹ کو فوری تحلیل کرنے کا اعلان کیا۔

توقع ہے کہ الیکشن کمیشن ایک ہفتے میں اجلاس کے بعد انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرے گا۔ انتخابات دو ماہ کے اندر اندر ہونا ضروری ہے لیکن توقع کی جارہی ہے کہ یہ اپریل کے اواخر تک منعقد ہوسکتے ہیں۔

وزیراعظم نے اپنے 15 منٹ کے خطاب میں ملائیشیا کے عوام پر زور دیا کہ وہ ان کی جماعت کی بھرپور حمایت کریں تاکہ وہ ’’قوم کی آنے والی نسلوں کی قسمت کی بہتری کے لیے کام کرسکیں‘‘۔

نیشنل فرنٹ کی پانچ سالہ مدت 30 اپریل کو ختم ہونا تھی۔

ملائیشیا کی پارلیمان میں نشستوں کی تعداد 222 ہے اور نیشنل فرنٹ نے 2008ء کے انتخابات میں 147 نشستیں جیتی تھیں۔
XS
SM
MD
LG