رسائی کے لنکس

مینگورہ: بم دھماکے میں پانچ ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

سوات کے تجارتی مرکز مینگورہ کے بس اڈے کے قریب مشتبہ خودکش بم دھماکے میں کم ازکم پانچ افراد ہلاک اور 40 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں ۔ جمعرات کو ہونے والے اس دھماکے سے متعدد گاڑیوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔

پولیس کے ایک اعلیٰ عہدیدار قاضی جمیل نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ بظاہر یہ خودکش حملہ آور کی کارروائی لگتی ہے لیکن ابتدائی تفتیش مکمل ہونے کے بعد ہی اس بارے میں کچھ حتمی طور پر بتایا جاسکے گا۔

اطلاعات کے مطابق جب یہ دھماکا ہوا تو وہاں سے سکیورٹی فورسز کا ایک قافلہ گزررہا تھا ۔ زخمی ہونے والے افراد کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں بعض کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔

سوات میں حکومت کی عملی داری کی بحالی کے بعد ان دنوں وہاں امن میلہ بھی جاری ہے جس میں نہ صرف مقامی بلکہ ملک کے دوسرے حصوں سے بھی بڑی تعداد میں سیاح موجود ہیں۔

مالاکنڈ ڈویژن بشمول سوات طالبان جنگجوؤں کے خلاف اپریل 2009ء میں شروع کیے گئے فوجی آپریشن کے بعدتما م علاقوں میں خاصی حد تک حکومت کی عمل داری بحال ہے تاہم اس کے باوجود بھی شدت پسند وقتاً فوقتاً سرکاری اورعسکری تنصیباب کونشانہ بناتے رہے ہیں ۔

رواں ماہ سوات سے ملحقہ ضلع لوئر دیر میں تیمرگرہ کے مقام پر قائم فوجی کیمپ کے قریب ایک چوکی پر خودکش حملہ کیا گیا تھاجس میں ایک اہلکار ہلاک او ر سات زخمی ہو گئے تھے۔

XS
SM
MD
LG