رسائی کے لنکس

مانسہرہ میں امریکی امدادی تنظیم کے دفتر پر حملے میں چھ ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان میں امریکی سفارتخانے نے ورلڈ ویژن کے دفتر پر ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکہ اس واقعے میں زخمی ہونے والوں سے دلی ہمدردی اور جاں بحق ہونے والے افراد کے اہل خانہ و احباب سے اظہار تعزیت کرتا ہے۔

مانسہرہ میں ایک غیر سرکاری امریکی امدادی تنظیم کے دفتر پر بدھ کی صبح مشتبہ عسکریت پسندوں نے حملہ کرکے کم از کم چھ افراد کو ہلاک کردیا۔

مقامی پولیس کے ایک اعلیٰ افسر وقار احمدنے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ مسلح افراد نے تحصیل اُوگی میں موجود اس ادارے کی عمارت میں داخل ہوتے ہی خودکارہتھیاروں اور دستی بموں سے اندر موجود افراد پر حملہ کردیا۔ مرنے والوں میں دو خواتین بھی شامل ہیں ۔

ورلڈ ویژن کے ایک عہدیدار اورنگز یب خان نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ بدھ کی صبح تقریباً ساڑھے آٹھ بجے 12 سے 15 مسلح افراد نے اُن کے دفتر پر حملہ کرکے ادارے کے چھ ملازمین کو ہلاک کردیا ۔ اُن کے بقول ہلاک ہونے والوں میں دو خواتین اوردفتر کا ایک ڈرائیور بھی شامل ہیں جب کہ کم از کم آٹھ افراد زخمی ہو ئے ہیں۔

اُنھوں نے بتایا کہ اُن کی تنظیم نے 2007 ء میں اوگی میں یہ دفتر قائم کیا تھا جو 2005 ء کے زلزلے سے متاثر ہونے والے خاندانوں اور علاقے کے غریب لوگوں کی معاونت کے لیے مختلف منصوبوں پر کام کر رہا ہے۔

عینی شاہدین کے مطابق مشتبہ عسکریت پسندوں کے حملے کے فوراََ بعد وہاں پولیس کے اہلکار پہنچ گئے اور دونوں میں کافی دیر تک فائرنگ کا تبادلہ ہو تا رہا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کی آڑ میں حملہ آور قریبی جنگلات میں روپوش ہوگئے ہیں اور انھیں تلاش کرنے کی کوشش جاری ہیں۔

ورلڈ ویژن کی ویب سائٹ کے مطابق یہ تنظیم ایک امدادی ادارہ ہے جو بچوں ،عورتوں اور تمام مذاہب سے تعلق رکھنے والی غربت اور ناانصافی کا شکار برادریوں کی ترقی اور فلاح وبہبود کے لیے کام کرتا ہے۔

پاکستان میں امریکی سفارتخانے نے ورلڈ ویژن کے دفتر پر ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکہ اس واقعے میں زخمی ہونے والوں سے دلی ہمدردی اور جاں بحق ہونے والے افراد کے اہل خانہ و احباب سے اظہار تعزیت کرتا ہے۔

مانسہر ہ میں فروری 2008ء میں برطانیہ کی ایک غیر سرکاری تنظیم Plan International کے دفتر پر بھی خود کار ہتھیاروں اور دستی بموں سے حملہ کر ادارے کے چار مقامی ارکان کو ہلاک کر دیا گیا تھا جبکہ عمارت آگ لگنے سے ملبے کا ڈھیر بن گئی تھی۔

پاکستان کے شمالی علاقوں بشمول مانسہر ہ میں اکتوبر 2005 ء کے تباہ کن زلزلے کے بعد کئی مقامی اور غیرملکی تنظیموں نے اس ضلع میں اپنے دفاتر قائم کیے تھے ۔ لیکن Plan International کے دفتر پر حملے کے بعد امدادی تنظیموں نے اپنی سرگرمیاں روک دی تھی جبکہ اکثر غیر ملکی امدادی اداروں نے علاقے میں موجود اپنے دفاتر کو یہاں سے منتقل کر دیا تھا۔

XS
SM
MD
LG