رسائی کے لنکس

ماریا شراپووا کی شاندار فتح کے ساتھ واپسی


اس جیت کے ساتھ ہی شراپووا ایونٹ کے اگلے راؤنڈ میں پہنچ گئیں جہاں ان کا مقابلہ ہم وطن ورلڈ نمبر8 ایکا ترینا ماکورووا سے جمعرات کو ہوگا۔

روسی ٹینس اسٹار ماریا شراپووا اطالوی حریف رابرٹا ونسی کو اسٹریٹ سیٹس میں شکست دے کر ٹینس کورٹ میں شاندار انداز میں واپس آ گئی ہیں۔

15ماہ کی پابندی کے بعد ماریا شراپووا کی کسی بھی ایونٹ میں یہ پہلی کامیابی ہے۔

اسٹٹ گارٹ میں جاری ڈبلیو ٹی اے ٹینس کے پہلے سیٹ میں ابتدائی دو گیمز اطالوی ٹینس پلیئر رابرٹا ونسی نے جیتں، جس کے بعد شرا پووا نے بہتر انداز میں کھیل پیش کیا اور 15ماہ کے طویل عرصے کے بعد کسی بھی انٹرنیشنل ایونٹ میں اپنا پہلا گیم جیتا۔

پہلے سیٹ میں سخت مقابلے کے بعد شراپووا نے 7- 5سے کامیابی حاصل کی، شرا پووا نے دو جبکہ ونسی نے ایک مرتبہ سروس بریک کی۔

دوسرے سیٹ کا آغاز شراپووا نے سروس بریک سے کیا اور اپنے تجربے سے حریف کھلاڑی پر حاوی رہیں۔

روسی ٹینس اسٹار نے یہ سیٹ 6-3 سے اپنے نام کیا اور رابرٹا ونسی کو اسٹریٹ سیٹ میں شکست دے دی۔ شراپووا کی جیت کا اسکور 7-5اور 6-3رہا۔

جیت کے بعد تاثرات بیان کرتے ہوئے شراپووا کا کہنا تھا ’’یہ میرے لئے بہترین لمحہ ہے جس کا طویل عرصے سے انتظار کر رہی تھی، میں نے بال کو ہٹ کئے بغیر طویل وقت گزارا، مجھے نہیں معلوم تھا کہ کب واپس آؤںگی۔‘‘

اس جیت کے ساتھ ہی شراپووا ایونٹ کے اگلے راؤنڈ میں پہنچ گئیں جہاں ان کا مقابلہ ہم وطن ورلڈ نمبر 8 ایکا ترینا ماکورووا سے جمعرات کو ہو گا۔

واضح رہے کہ مارچ 2016 میں ممنوعہ دوا کے استعمال کا اعتراف کرنے کے بعد 30 سالہ سابق عالمی نمبر ایک ٹینس اسٹار ماریاشراپووا پر دو سال کی پابندی عائد کی گئی تھی لیکن اپیل کے بعد ان کی پابندی کا دورانیہ 15 ماہ کر دیا گیا تھا۔

منتظمین نے ماریا شراپووا کو ڈبلیو ٹی اے ٹینس ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے وائلڈ کارڈ دیا تھا۔

معطلی کے دوران پوائنٹس ضائع ہونے کی وجہ سے شراپووا کی ورلڈ رینکنگ نہیں رہی لہٰذا فرنچ اوپن کوالیفائی کیلئے انہیں اس ایونٹ کے فائنل تک پہنچنے کی ضرورت ہے۔

اسٹٹ گارٹ کے بعد میڈرڈ اور روم میں ہونے والے ایونٹس کے منتظم نے بھی ماریا شراپووا کو وائلڈ کارڈ ز دے دیئے ہیں۔

دوسری جانب شراپووا کو فرنچ اوپن میں وائلڈ کارڈ سے متعلق فیصلہ 16مئی کو کیاجائے گا۔

XS
SM
MD
LG