رسائی کے لنکس

متیرا، وینا ملک کے لئے خطرے کی گھنٹی؟


متیرا پاکستانی اداکارہ ہیں، انہوں نے ٹی وی سے انٹرٹینمنٹ کی دنیا میں قدم رکھا اور اب بالی وُوڈ فلموں میں اینٹری دے رہی ہیں، کہیں یہ اینٹری وینا ملک کے لئے خطرے کی گھنٹی تو نہیں۔۔

گلیمر ورلڈ میں جگہ بنانے کے لئے کچھ لوگ اداکاری کا سہارا لیتے ہیں تو کچھ اداؤں کا۔ پاکستانی ٹی وی چینل۔۔۔۔ پر وی جے یعنی’ویڈیو جوکی‘ کے طور پر انٹرٹینمنٹ کی دنیا میں قدم رکھنے والی متیرا نے بھی اداکاری کی بجائے اداؤں کا زیادہ سہارا لیا شاید یہی وجہ تھی کہ انہیں شہرت تو ملی راتوں رات۔۔ مگر یہ شہرت کچھ زیادہ اچھی نظروں سے نہیں دیکھی گئی۔

متیرا ماڈلنگ کی دنیا سے ٹی وی پر آئی تھیں لیکن اب وہ ٹی وی کی چھوٹی اسکرین سے نکل کر بالی وُوڈ فلموں کی بڑی بڑی اسکرینز تک لمبی اڑان بھر رہی ہیں۔ انہیں فلم میکر سنیل بوہرہ نے اپنی فلم ’اکی تے وکی تے نکی‘ میں کام کرنے کے لئے ممبئی بلا لیا ہے۔

بھارتی اخبار ’ایب سولوٹ انڈیا‘ کے مطابق متیرا پہلے بھی ایک بھارتی پنجابی فلم ’ینگ ملنگ‘ میں آئٹم نمبر ’لک چک کرنٹ‘ کر چکی ہیں۔ اس گانے کو دیکھ کر شاید اسکینڈل کوئن وینا ملک بھی اپنے لئے خطرے کی گھنٹی بجتی محسوس کریں۔

متیرا کی بالی وڈ میں ڈبیو فلم ’اکی تے وکی تے نکی‘ کو ڈائریکٹ کر رہے ہیں وپن شرما۔ فلم کی شوٹنگ شروع ہوئے ابھی کچھ زیادہ دن نہیں ہوئے لیکن سنیل بوہرہ متیرا کے ٹیلنٹ کے گن گاتے نظر آتے ہیں۔

سنیل کا کہنا ہے، ’متیرا میں بہت صلاحیت ہے۔ دبئی میں رہنے والے میرے ایک دوست نے متیرا کی کچھ پکچرز مجھے بھیجیں جو بہت زبردست تھیں۔ انہی تصویروں کو دیکھ کر وپن شرما نے آڈیشن کے لئے متیرا کو بلایا۔ آڈیشن میں متیرا کی پرفارمنس اتنی دھماکے دار تھی کہ جس نے بھی دیکھا داد دئیے بغیر رہ نہ سکا‘۔

کچھ عرصہ پہلے ریلیز ہونے والی پاکستان فلم ’میں ہوں شاہدآفریدی‘ میں کئے گئے آئٹم نمبر ’بس تیری ہی کمی‘۔۔۔ سے بھی متیرا کے خوب چرچے رہے۔

لیکن خود متیرا کو بھی اب اپنے نئے بالی وُوڈ پروجیکٹ ’اکی تے وکی تے نکی‘ کا بے صبری سے انتظار ہے۔ اس حوالے سے وہ خاصی پرجوش دکھائی دیتی ہیں۔
XS
SM
MD
LG