رسائی کے لنکس

ہم بھول گئے ہر بات۔۔۔معاملہ شعرا اور مریخ کا!


ماون مشن
ماون مشن

شاعر حضرات متوجہ ہوں: اپنا کلام مریخ روانہ کرنا نہ بھولئیے! شرکت کی آخری تاریخ یکم جولائی؛ اور کلام ’ہائیکو‘ صنف میں ہونا لازم ہے

کیا آپ شاعر ہیں اور خلا کی وسعتوں کی کھوج میں خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں؟

اگر ایسا ہے، تو امریکی ادارہ ’نیشنل ایروناٹکس اینڈ اسپیس ایڈمنسٹریشن (ناسا)‘ آپ کو ایک نادر موقع فراہم کر رہا ہے کہ آپ ’مارس ایٹموسفیئر اینڈ وولیٹائیل اوولوشن (ماون)‘ نامی خلائی گاڑی کے مشن کے ذریعےاپنے شاعرانہ تخیل کو مریخ بھیجئیے، جو نومبر میں اپنی منزلِ مقصود کی طرف روانہ ہوگا۔

شرط یہ ہے کہ یہ اشعار جاپانی صنف شاعری، ’ہائیکو‘ میں ہونے چاہئیں، جسے بھیجنے کی حتمی تاریخ یکم جولائی ہے۔

اِس کے بعد، کلام کو منتخب کرنےکا طریقہٴکار یہ ہوگا کہ آن لائن پبلک رائے دہی کے ذریعے تین مندرجات کا چناؤ کرکے اُنھیں ایک ہی ’ڈی وی ڈی‘ میں محفوظ کر لیا جائے گا، جسے ’ماون مشن‘ خلائی گاڑی کے اندر رکھ دیا جائے گا۔


اپنا کلام بھیجنے والے شعراٴ حضرات سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنی ’ڈی وی ڈی‘ بھیجتے وقت، کلام کے ساتھ اپنا نام درج کرنا نہ بھولیں۔

ووٹنگ کا مرحلہ 15جولائی سے شروع ہوگا۔

’مریخ جانے کی مہم‘ کے سلسلے میں دلچسپی رکھنے والے شرکاٴ شعرائے کرام ایک ’اعترافی سند‘ کی خصوصی دستاویز بھی حاصل کرنے کے مستحق ہوں گے، لیکن اِس کے لیے اُنھیں ’ماون مشن‘ کے ساتھ وابستگی کا برملا اظہار کرنا ہوگا۔

روایتی شاعری میں اب تک چاند، ستارے، آفتاب، کہکشاں، کائنات، بادل، بادو باراں، سمندر، پرندے، خواب و خیال، اور دل کی دھڑکن کا تذکرہ تو سنتے رہے ہیں؛ البتہ شاعری کے اعتبار سے، بظاہر، مریخ ایک اچھوتا سا اضافی موضوع لگتا ہے؟

کولوراڈو سے تعلق رکھنے والی تعلیم داں، اسٹفنی رینفرو کے بقول، عام آدمی کے لیے یہ ایک منفرد موقع ہوگا کہ وہ مشن اور اس سیارے کے ساتھ اپنے تعلق کا اظہار کر سکے۔

اُن کے بقول، یہ ایک علامتی سی بات ہے، جس کا مقصد کسی طور پر کائنات کو کوئی پیغام بھیجنا نہیں ہے۔

ادارے سے وابستہ ایک اور عہدے دار، بروس جکوسکی کہتے ہیں کہ اس کا مقصد تسخیر میں دلچسپی رکھنے والی اگلی پود سے رابطہ کرنا، اور اُن میں سائنس، ٹیکنالوجی، انجنیئرنگ اور حساب کے مضامین کے بارے میں نیا جوش و جذبہ پیدا کرنا ہے۔

ماون نامی پہلی خلائی گاڑی بھیجنے کا مقصد دراصل بلند ترین خلا کی تسخیر اور آگاہی کو فروغ دینا ہے۔ مریخ، فاصلے کے لحاظ سےسورج سے چوتھا زمین کے بعد کا سرخی مائل رنگ کا سیارہ ہے۔

یہ خلائی گاڑی مریخ کے مدار میں گردش کرکے یہ معلوم کرنے کی کوشش کرے گی کہ مریخ کس طرح خلا کا حصہ بنا، اور اس طرح، اِس سیارے کی سطح پر پانی کی موجودگی کی تاریخ کیا ہے۔ ابتدائی طور پر یہ سال بھر کا مشن ہے، جس میں اضافہ بھی کیا جا سکتا ہے۔
XS
SM
MD
LG