رسائی کے لنکس

پوٹن ’ظالموں‘ کا ساتھ دے رہے ہیں، سینیٹر مکین کا الزام


سینیٹر جان مکین
سینیٹر جان مکین

روس کے ایک اخبار ’پراودا‘ میں لکھے گئے ایک مضمون میں مسٹر مکین نے کہا کہ روس، شام کی حکومت کی حمایت کرتا ہے جو کہ ان کے بقول اقتدار میں رہنے کے لیے اپنے ہزاروں شہریوں کو ہلاک کر رہی ہے

امریکی سینیٹر اور سابق صدارتی امیدوار جان مکین نے روس کے صدر ولادیمر پوٹن کو عالمی سطح پر ظالموں اور تشدد و استحصال کے ذریعے حکمرانی کرنے والوں کا ساتھ دینے کا الزام لگاتے ہوئے تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

روس کے ایک اخبار ’پراودا‘ میں لکھے گئے ایک مضمون میں مسٹر مکین نے کہا کہ روس، شام کی حکومت کی حمایت کرتا ہے جو کہ ان کے بقول اقتدار میں رہنے کے لیے اپنے ہزاروں شہریوں کو ہلاک کر رہی ہے، اور اقوام متحدہ کی طرف سے شام کے مظالم کی مذمت کی راہ میں رکاوٹ ڈال رہا ہے۔

مسٹر مکین کا کہنا تھا کہ مسٹر پوٹن ’’بے گناہوں کے قتل عام‘‘ کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے روس کے عالمی تشخص کو خراب کر رہے ہیں۔

سینیئر رپبلکن قانون ساز نے مسٹر پوٹن اور ان کے ساتھیوں پر انتخابات میں دھاندلی، مخالفین کو قتل اور پابند سلاسل کرنے اور بدعنوانی کو پروان چڑھانے کا الزام عائد کیا۔

سینیٹر مکین ماسکو کی موجودہ حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہ اکہ وہ اس سے زیادہ روس کے حامی ہیں۔

صدر ولادیمر پوٹن نے مسٹر مکین کے اس مضمون پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ان کی روس سے متعلق کم علمی کو ظاہر کرتا ہے۔

سینیٹر مکین کے اس کالم سے ایک ہفتہ قبل مسٹر پوٹن نے امریکی اخبار ’دی نیویارک ٹائمز‘ میں لکھے گئے اپنے ایک مضمون میں اس بات پر زور دیا تھا کہ امریکہ شام کے خلاف یک طرفہ فوجی کارروائی سے گریز کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکی حملہ ’’تشدد میں اضافے اور دہشت گردی کی ایک نئی لہر کو جنم دے گا‘‘ اور اس کے ایران کے جوہری پروگرام اور اسرائیل، فلسطین امن عمل جیسے معاملات پر منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔

چند روز قبل اوباما انتظامیہ شام کے کیمیائی ہتھیاروں کو تلف کرنے کے بارے میں روس کے ساتھ ایک معاہدے پر اتفاق کر چکی ہے۔
XS
SM
MD
LG