رسائی کے لنکس

قذافی کا انجام قریب ہے: مک کین


قذافی کا انجام قریب ہے: مک کین
قذافی کا انجام قریب ہے: مک کین

وائٹ ہاؤس نے کہا ہے کہ لیبیا کی صورتِ حال کا بغور جائزہ لیا جا رہا ہے، اور صدر براک اوباما کو رونما ہونے والے واقعات سے باخبر رکھا جارہا ہے

سینیٹر جان مک کین لیبیا میں امریکی مداخلت کی ابتدا سے ہی وکالت کرتے رہے ہیں جہاں نیٹو کی فورسز سویلینز کو تحفظ دینے اور سرکاری فوجوں کی اہلیت گھٹانے کے لیے پانچ ماہ کی فضائی مہم چلا رہے ہیں۔

سابق صدارتی امیدوار اور ایروزونا سے تعلق رکھنے والے سینیٹر نے ’سی بی ایس ٹیلی ویژن‘ کے پروگرام ’فیس دِی نیشن‘ میں کہا کہ معمر قذافی کا انجام قریب ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ، ’ اگر یہ دنوں کا نہیں تو گھنٹوں کا معاملہ ہے، اور ایک بار جب نیٹو فورسز فرانس، برطانیہ اور دیگر قیادت کے تحت زیادہ بھاری فضائی طاقت کا استعمال کریں گی، تو میں سمجھتا ہوں کہ کچھ کہ کچھ عمل میں آئے گا‘۔

مسٹر قذافی کے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ طرابلس کی حفاظت اور تحفظ بخوبی جاری ہے۔ترجمان نے باغیوں کو ایسے مسلح جتھوں سے تعبیر کیا جنھیں غیر ملکی پشت پناہی حاصل ہے۔

تاہم،مسٹر مک کین قذافی کے بعد لیبیا کی بات کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ کسی نئی حکومت کوتشکیل دینا اور جمہوریت سے ناآشنا اِس ملک کو متحد کرنا ایک بڑا چیلنج ہوگا۔ ہم نے اِسی عمل سے گزرنے والے دوسرے ملکوں میں اِن دشواریوں کو دیکھا ہے۔ تاہم، ہم اُس شخص سے نجات پائیں گے جِس کے ہاتھوں پر امریکیوں کا لہو ہے۔

یہاں واشنگٹن میں کانگریس کو لیبیا میں امریکہ کی فوجی کارروائیوں کی باضابطہ توثیق کرنی باقی ہےجو ایک ایسا تنازعہ ہے جس کی وجہ سے امریکہ میں عشروں پرانا وہ مباحثہ ایک بار بھر شروع ہوگیا ہے جو فورسز کو بیرونِ ملک تعینات کرنے کی ایگزیکٹو اتھارٹی پر بندش قائم کرنے سے متعلق ہے۔

سینیٹر مک کین نے کہا کہ امریکہ نے شروع ہی سے زیادہ سرگرمی سے مداخلت کی ہوتی تو جانیں بچائی جاسکتی تھیں اور اِس تنازع کا کہیں جلد خاتمہ ہو سکتا تھا۔

اُنھوں نے مسٹر قذافی کے بعد لیبیا کی حکومت کرنے کی اہلیت پر اعتماد کا اظہار کیا اور توجہ دلائی کہ اُس ملک کے پاس ایسے وسیع وسائل موجود ہیں جو آمدنی پیدا کریں گے۔ تاہم، اُنھوں نے کہا کہ لیبیا کو امریکہ اور نیٹو کی مدد کی ضرورت ہوگی۔

سینیٹر مک کین نے یہ بھی کہا کہ معمر قذافی کے اقتدار کے خاتمے کا لیبیا سے باہر بھی اثر پڑے گا۔

سینیٹر مک کین نے کہا کہ یہ بشار الاسد کو ایک پیغام بھیجے گا، یہ یمن کے لیے ایک پیغام لے کر جائے گا اور یہ دوسرے آمروں کو پیغام دے گا کہ اُن کا وقت خاتمے کے قریب ہے۔

فی الوقت، وائٹ ہاؤس نے کہا ہے کہ لیبیا کی صورتِ حال کا بغور جائزہ لے رہے ہیں اور صدر براک اوباما کو رونما ہونے والے واقعات سے باخبر رکھا جارہا ہے۔

آڈیو رپورٹ سنیئے:

XS
SM
MD
LG