رسائی کے لنکس

بیرون ملک پاکستانیوں کی زندگی کا جھروکا ’جیکسن ہائٹس‘


امریکا کے روشنیوں سے جگمگاتے شہر، نیویارک کے علاقے کوئنز کی مضافاتی بستی’جیکسن ہائٹس‘ کے نام پر بنائی گئی اس ڈرامہ سیریل میں پاکستانیوں کو پیش آنے والے مسائل کو اجاگر کیا گیا ہے۔

کراچی ۔۔۔۔۔۔ پاکستانی ڈراموں پر اِن دنوں ’بہار‘ کا موسم آیا ہوا ہے، جس کی اہم وجہ ان ڈراموں کی کہانیوں کا عام آدمی کے مسائل کے گرد گھومنا اور جاندار اداکاری و ڈائریکشن ہے۔ اسی سبب، اب ’دیار غیر‘ میں بھی پاکستانی ڈرامے اتنے ہی شوق سے دیکھے اور پسند کئے جاتے ہیں جتنے پاکستان میں۔

اس میں کوئی دورائے نہیں کہ ڈراموں کی اس شہرت نے صحت مند مقابلے کی فضا کو جنم دیا ہے اور ڈرامے سے جڑے ہر شخص اور ہر چہرے کے لئے محنت اور موضوع کی تلاش کا کام پہلے جیسا آسان نہیں رہا ہے۔ آج کے ڈرامے کا معیار بہت بڑھ گیا ہے اس لئے ڈرامے کے ہر شعبے میں نت نئے تجربات ہو رہے ہیں۔

ایسے ہی سلیکٹیو موضوع، چنندہ کہانی اور گہری تحقیق کا نام ہے اردو ٹی وی سے پیش کیا جانے والا نیا ڈرامہ سیریل ’جیکسن ہائٹس‘۔

بیرون ملک زندگی گزارنے والے پاکستانیوں کے مسائل، خوشیوں اور پریشانیوں کی عکاسی کرتی نئی ڈرامہ سیریل ’جیکسن ہائٹس‘ 15ستمبر سے پیش کی جا رہی ہے۔

امریکا کے روشنیوں سے جگمگاتے شہر نیویارک کے علاقے، کوئنز کی مضافاتی بستی ’جیکسن ہائٹس‘ کے نام پر بنائی گئی اس ڈرامہ سیریل میں پاکستانیوں کو پیش آنے والے مسائل کواجاگرکیا گیا ہے۔

ڈرامے کی کاسٹ کو اسٹارکاسٹ کہا جائے تو کچھ غلط نہ ہوگا کیونکہ اس میں نعمان اعجاز، آمنہ شیخ اور مرینہ خان جیسے نام شامل ہیں۔ ساتھ ہی ساتھ نیچرل اداکاری سے اپنی پہچان بنانے والے عدیل حسین اور عدنان جعفر بھی کاسٹ کا حصہ ہیں۔

’جیکسن ہائٹس‘ میں نعمان اعجاز نے زندہ دل، خوش باش ٹیکسی ڈرائیور کا کردار نبھایا ہے۔ تو، عدیل حسین ایسے پاکستانی نوجوان کے روپ میں دکھائی دیں گے جو امریکا کو اپنے خوابوں کی سر زمین سمجھ کر اس امید پر یہاں آ تا ہے کہ وہ اپنے تمام خوابوں کو سچ کرسکے گا۔

مرینہ خان ریسٹورنٹ کی مالک کرسچن خاتون کا رول ادا کر رہی ہیں اور آمنہ شیخ مقامی سیلون میں کام کرنے والی لڑکی کا۔

’جیکسن ہائٹس‘ راحت کاظمی کے بیٹے علی کاظمی کی ’کم بیک‘ سیریل بھی ہے جو پانچ سال بعد غنڈے کے روپ میں ٹی وی اسکرین پر نظر آئیں گے۔

خواتین کو سب سے زیادہ انتظار
سب سے دلچسپ بات یہ ہے کہ چینل پر ڈرامے کے پروموز دیکھ کر خواتین کی بڑی تعداد نے ڈرامے کا انتظار کرنا شروع کر دیا ہے جس کو دیکھتے ہوئے ڈرامے کے ’ہٹ ‘ ہوجانے کے چانسز خاصے روشن ہیں۔

کراچی کی طالبہ نصرت قزلباش نے وائس آف امریکہ سے بات کرتے ہوئے کہاکہ وہ ’جیکسن ہائٹس‘ کے بارے میں بڑی ایکسائیڈڈ ہیں، کیونکہ گھر بیٹھے امریکا کے خوبصورت نظارے دیکھنے کو ملیں گے اور یقیناً اسٹوری بھی اچھی ہوگی۔۔

ایک اور پروفیشنل خاتون صبوحی شیخ کا کہنا تھا ’پروموز دیکھ کر ہی پتا چل رہا ہے کہ ڈرامہ اچھا ہوگا۔ کوشش کروں گی کہ ڈرامے کی ایک قسط بھی مس نہ کروں تاکہ مزہ خراب نہ ہو۔۔‘

’جیکسن ہائٹس کو ڈائریکٹ کیا ہے مہرین جبار نے جو اس سے پہلے ’دام‘ ، رہائی‘ اورفلم ’رام چند پاکستانی‘ بنا چکی ہیں۔

مہرین نے ڈرامے کی تفصیلات اپنے فیس بک پیج پرشیئرکرتے ہوئے بتایا کہ ’سکس سگما پلس‘ کی پروڈکشن میں بننے والی سیریل کا اسکرپٹ لکھا ہے واسع چوہدری نے جو پہلے بھی مشہور شوز ’کالج جینز‘، ’جٹ اور بونڈ‘ اورفلم ’میں ہوں شاہد آفریدی‘ اپنے کریڈٹ پر رکھتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG