رسائی کے لنکس

میکسیکو: تیل چوروں کے خلاف کارروائی، 10 ہلاک


فوج کی طرف سے یہ کارروائی جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کی گئی جو کہ پائپ لائنوں سے منظم طریقے سے تیل نکال لیتے ہیں۔

میکسیکو میں تیل کے چوروں کے خلاف کارروائی میں 10 افراد ہلاک ہو گئے، جن میں چار فوجی اور چھ مشتبہ تیل چور بتائے جاتے ہیں۔

فوج کی طرف سے یہ کارروائی جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کی گئی جو کہ پائپ لائنوں سے منظم طریقے سے تیل نکال لیتے ہیں۔

آپریشن میں ابتدائی طور پر 600 فوجیوں نے حصہ لیا، لیکن 400 فوجی اُن کی مدد کے لیے تیار تھے جنہیں ہیلی کاپٹروں کی مدد بھی حاصل ہے۔

فوج کے ایک بیان کے مطابق ایک پائپ لائن سے تیل کی چوری کی تحقیقات کے لیے اُنھیں بلایا گیا اور وہ اپنے کام میں مصروف تھے کہ اُن پر ایک گروہ کی طرف سے فائرنگ شروع کر دی گئی۔

فوج کے مطابق جن افراد نے اہلکاروں پر فائرنگ کی اُنھوں نے خواتین اور بچوں کو انسانی ڈھال بنا رکھا تھا۔

اس پر فوج نے فوری جوابی کارروائی نا کرنے کا فیصلہ کیا، لیکن فائرنگ سے دو فوجی ہلاک اور ایک زخمی ہو گیا۔

فوج کے بیان کے مطابق اسی علاقے میں چند گھنٹوں کے بعد مسلح افراد نے مختلف مقامات پر مدد کے لیے آنے والے فوجیوں کی گاڑیوں پر فائرنگ کی، جس سے دو مزید فوجی ہلاک ہو گئے۔

جوابی کارروائی میں چھ مشتبہ تیل چور ہلاک جب کہ ایک زخمی ہو گیا۔ فوج نے کم از کم 12 افراد کو گرفتار بھی کیا ہے جن میں دو نا بالغ بھی شامل ہیں۔

ٹیلی ویژن پر دکھائے جانے والے مناظر میں مقامی افراد نے اس حملے کے خلاف مظاہرہ کیا اور ایک مرکزی سڑک پر ٹائر جلا کر اُسے بند کر دیا۔

XS
SM
MD
LG