رسائی کے لنکس

میکسیکو: آتشبازی کے سامان کے بازار میں دھماکے، 31 ہلاک


وقفے وقفے سے ہونے والے دھماکوں کی وجہ سے ہنگامی امداد کے کارکنوں کو کئی گھنٹوں تک جائے وقوع میں داخل ہونے کے لیے انتظار کرنا پڑا۔

میکسیکو میں آتشبازی کے سامان کے بازار میں ہونے والے دھماکوں سے کم ازکم 31 افراد ہلاک اور 70 زخمی ہو گئے۔

دارالحکومت میکسیکو سٹی کے مضافات میں واقع علاقے ٹولٹیپک میں منگل کو لوگوں کی ایک بڑی تعداد اس بازار میں موجود تھی جو کرسمس اور سال نو کی تقریبات کے لیے آتشبازی کا سامان خرید رہے تھے کہ اچانک دھماکے شروع ہو گئے۔

آتشبازی کے سامان میں ہونے والے ان دھماکوں سے پورا علاقہ رنگا رنگ دھوئیں سے بھر گیا جب کہ حکام کے مطابق بازار میں تقریباً سب ہی سٹال تباہ ہوئے اور قرب و جوار کی عمارتوں اور گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔

وقفے وقفے سے ہونے والے دھماکوں کی وجہ سے ہنگامی امداد کے کارکنوں کو کئی گھنٹوں تک جائے وقوع میں داخل ہونے کے لیے انتظار کرنا پڑا۔

میکسیکو کے صدر انریک پینا نیئٹونے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں اس واقعے میں متاثر ہونے والوں سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی امید ظاہر کی ہے۔

ٹی وی پر نشر ہونے والے مناظر میں بازار کے اوپر رنگا رنگ دھوئیں کے بادل اور آگ کی لپٹیں دکھائی جاتی رہیں۔

ایک دہائی سے زائد عرصے میں ٹولٹیپک کے سان پابلیتو بازار میں پیش آنے والا اس نوعیت کا تیسرا واقعہ ہے۔

یہ میکسیکو شہر سے 20 کلومیٹر شمال میں واقع ہے۔

ایک نوجوان عینی شاہد نے بتایا کہ "لوگ بری طرح رو رہے تھے اور ہر سمت میں بھاگ رہے تھے۔"

میکسیکو ریاست کے گورنر ایروئیل اویلا نے بتایا کہ اس واقعے میں 13 بچے 90 فیصد سے زائد جھلس گئے جنہیں علاج کے لیے امریکی ریاست ٹیکساس بھیج دیا گیا ہے۔

انھوں نے اس واقعے ذمہ داران کا تعین کرکے سخت سزائیں دینے کا عزم بھی ظاہر کیا۔

XS
SM
MD
LG