رسائی کے لنکس

ایم ایف حسین کو قطر کی شہریت کی پیش کش


مقبول فدا حسین جو گذشتہ چار برسوں سے خود ساختہ جلاوطنی کی زندگی بسر کر رہے تھے۔ بھارتی حکومت نے ان کی وطن واپسی کی کبھی فکر نہیں کی لیکن جب قطر کی حکومت نے ان کی قدردانی کرتے ہوئے اپنے ملک کی شہریت کی پیشکش کی تو جیسے حکومت کو ہوش آیا۔لیکن اب کافی دیر ہو چکی ہے کیوں کہ اس شہرہ آفاق مصور نے قطر کی اس پیشکش کو قبول کر لیا ہے۔

اس بات کی توثیق ان کے فرزند اویس حسین نے دوبئی سے بھارت کی سرکاری نیوزایجنسی پی ٹی آئی سے بات چیت کے دوران کی۔اس طرح بھارت ایک نام ور مصور کو کھو دے گا۔اویس حسین نے مزید بتایا کہ ان کے والد کے قطری شہریت کی کارروائی شروع ہو چکی ہے۔ان کے مطابق 95 سالہ مصور نے شہریت کی اپنی جانب سے خواہش نہیں کی تھی۔اویس نے قطر کی حکومت کی پیشکش کو قبول کرنے کے فیصلے کی تائید کی اور کہا کہ وہ جن حالات سے گزر رہے تھے، وہ میں دیکھ چکا ہوں۔

ایم ایف حسین ان دنوں دوحہ میں ہیں اور اگلے مہینے دوبئی واپس ہوں گے۔اویس حسین نے کہا کہ والد کے اندر موجود ہندوستا نیت کو کبھی ختم نہیں کیا جاسکتا۔ان کا کہنا ہے کہ کسی شخص کو ملک کے باہر تو کیا جاسکتا ہے لیکن ملک کو کسی کے اندر سے نکالا نہیں جاسکتا۔اویس حسین والد کی زندگی پر ایک دستاویزی فلم تیار کر رہے ہیں۔انہوں نے بھارتی حکومت کے اس بیان پر تبصرہ سے انکار کر دیا جس میں بھارتی حکومت نے وطن واپسی پر سیکیورٹی فراہم کرنے کا وعدہ کیا ہے،اویس نے کیا کہ اس کا جواب والد صاحب ہی بہتر طور پر دے سکتے ہیں۔

واضح رہے ہندو دیوی دیوتاؤں کی بعض تصاویر کے خلاف بھارت میں ہندو فرقہ پرست تنظیموں نے ایم ایف حسین کے خلاف محاذ کھول دیا ہے اور ملک کے مختلف حصوں میں ان کے خلاف مقدمات درج کیے گئے ہیں۔مقدمات اور ہلاک کرنے کی دھمکیوں کے بعد حسین نے جلاوطنی کی زندگی اختیار کر لی۔وہ لندن اور دوبئی میں زندگی گزار رہے ہیں۔

حسین نے قطر کی شہریت کی اطلاع بھارت کے قومی انگریزی روزنامہ دی ہندو کے ایڈیٹر این رام کو دی جس کے بعد سے بھارت میں ملے جلے رد عمل کا اظہار کیا جا رہا ہے۔کئی فن کاروں نے حسین کو قطری شہریت عطا کیے جانے کا خیرمقدم کیا ہے۔فلم ساز شیام بنیگل نے کہا کہ وہ حسین کو مورد الزام نہیں ٹھہرائیں گے کیوں کہ ان کے ساتھ بھارت میں کافی ذلت آمیز برتاؤ کیا گیا ہے۔

کانگریس پارٹی کے ترجمان راجیو شکلا نے کیا کہ حسین کو بھارتی شہریت برقرار رکھنی چاہیئے۔ ادھر ہندو بنیاد پرست تنظیم آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت نے کہا کہ اگر حسین بھارتی عوام سے معذرت کر لیں تو ان کی واپسی کا خیرمقدم کیا جائے گا۔

اسی دوران وفاقی حکومت نے حسین کو فخرِ ہندوستان قرار دیا۔خارجہ سکریٹری نروپما راؤ نے کہا کہ حسین وطن واپسی کے لیے آزاد ہیں اور انہیں مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا۔

معتمد داخلہ جی کے پلائی نے کہا کہ حسین کے خلاف تمام مقدمات کو سپریم کورٹ نے کالعدم کر دیا ہے۔ان تبدیلیوں کے دوران اب دیکھنا یہ ہے کہ ایم ایف حسین بھارت اور قطر میں کس ملک کو ترجیح دیں گے۔

XS
SM
MD
LG