رسائی کے لنکس

مائیکرو سافٹ ونڈوز 10 سسٹم 29 جولائی سے متعارف ہوگا


ادارے کے ایک اعلیٰ اہل کار کے مطابق، ’یہ تیز، زیادہ محفوظ اور موزون ترین نظام ہے۔ یہ عام فہم اور استعمال میں سہل ہے۔ یہ خودکار طور پر اپ ٹو ڈیٹ ہونے کی صلاحیت رکھتا ہے‘

مائیکرو سافٹ کارپوریشن 29 جولائی سے ’ونڈوز 10‘ کو متعارف کرائے گی، جِس سلسلے میں ادارے نے بتایا ہے کہ یہ نیا آپریٹنگ نظام رفتار میں تیز تر، سکیورٹی کے لحاظ سے بہتر اور ہموار نوعیت کا ہوگا۔

یہ بات ’ونڈوز‘ کے کارپوریٹ نائب صدر، یوسف مہدی نے ریاستِ واشنگٹن کے شہر، ریڈمنڈ میں قائم ادارے سے جاری شدہ ایک پریس رلیز میں کہی ہے۔ بقول اُن کے، ’یہ تیز، زیادہ محفوظ اور موزون ترین نظام ہے۔ یہ عام فہم اور استعمال میں سہل ہے۔ یہ خودکار طور پر اپ ٹو ڈیٹ ہونے کی صلاحیت رکھتا ہے‘۔

عارضی طور پر یہ نیا’ آپریٹنگ سسٹم 8/8.1یا 7 اور’سوفٹ ویئر‘ کے اس سے اوائلی ورژنز ’فری اپ گریڈ‘ کے لیے مفت دستیاب ہوگا۔

یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب ٹیکنالوجی کو ایک سال تک استعمال کرنے والوں کے تاثرات سامنے آچکے ہیں، جو دیگر افراد کے لیے ترغیب اور اختیار کا باعث بننے کے قابل ہیں۔

یہ مہم#UpgradeYourWorld

کے سلسلے میں ہے اور مائیکرو سافٹ بغیر نفع نقصان کی بنیاد پر کام کرنے والے 10 عالمی اور 100 مقامی اداروں کے ساتھ پارٹنرشپ کرے گی، جس کے مقاصد کے فروغ کے لیے ایک کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی۔

اِن 10 بغیر نفع نقصان کی بنیاد پر عمل پیرا اداروں میں ’کیئر‘، ’کوڈ ڈاٹ اورگ‘، ‘کیپ اے چائلڈ الائیو‘، ’ملالہ فنڈ‘، ’پینسلز آف پرومس‘، ’سیو دِی چائلڈ‘، ’اسپیشل اولمپکس‘، ’دِی گلوبل پاورٹی پراجیکٹ‘ اور ’دِی نیچر کنزروینسی‘ شامل ہیں۔

ایسو سی ایٹڈ پریس کی اطلاع میں بتایا گیا ہے کہ پیر کے روز تجارتی منڈی کے کاروبار کو مدنظر رکھتے ہوئے، کمپنی کے حصص کی قدر میں 24 سینٹ کا اضافہ ہوا، یعنی ایک شیئر کی قیمت 44.85 ڈالر ہوگئی۔

XS
SM
MD
LG