رسائی کے لنکس

گوادر: تارکین وطن کی کشتی ڈوبنے سے چار افراد ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

حکام کے مطابق گیارہ افراد ایک کشتی میں سوار ہوئے جو غیر قانونی طریقے سے ایران کی سمندری حدود سے ہوتے ہوئے یورپ جانا چاہتے تھے، دیگر سات افراد کی تلاش جاری ہے۔

بلوچستان کے ساحلی ضلع گوادر کے علاقے پسنی کے قریب کشتی ڈوبنے سے چار افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو گئی ہے جب کہ سات دیگر افراد تاحال لاپتہ ہیں۔

حکام کے مطابق کشتی پر غیر قانونی طریقے سے بیرون ملک جانے والے پاکستانی شہری سوار تھے۔ مقامی حکام کا خدشہ ہے کہ لاپتہ ہونے والے سات افراد بھی ہلاک ہو چکے ہیں۔

لیویز حُکام کے مطابق ضلع گوادر کے علاقے سُر بندر سے اتوار کی شب گیارہ افراد ایک کشتی میں سوار ہوئے جو غیر قانونی طریقے سے ایران کی سمندری حدود سے ہوتے ہوئے یورپ جانا چاہتے تھے۔

عہدیداروں کے مطابق اُن کی کشتی اتوار کی رات سمندر میں ڈوب گئی جس سے اُس میں سوار تمام افراد بھی سمندر میں ڈوب گئے۔

چار افراد کی لاشیں مقامی مچھیروں کو مل گئی تھیں جنہیں جیونی پہنچا دیا گیا اور حکام کے مطابق اُن میں سے ایک کی شناخت شبیر احمد کے نام سے ہوئی جس کا تعلق صوبہ خیبر پختونخواہ کے ضلع مانسہرہ سے بتایا گیا ہے۔

ایران اور ترکی کے راستے ہر سال ہزاروں پاکستانی بحری اور خشکی کے راستے بہتر روزگار کے لیے مغرب میں داخل ہونے کی کوشش کرتے ہیں، جن میں سے اکثر راستے میں خطرناک حادثات کا شکار ہو کر موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں۔

اس سے قبل آسٹریلیا کے قریب ایک کشتی سمندر میں ڈوب جانے سے درجنوں افراد ڈوب گئے تھے جن میں سے بعض کا تعلق کوئٹہ سے تھا۔

جب کہ ایران غیر قانونی طریقے سے اپنی حدود میں داخل ہونے والے پاکستانیوں کو گرفتار کرنے کے بعد پاکستان کے حوالے کرتا رہا ہے۔

XS
SM
MD
LG