رسائی کے لنکس

برطانیہ: ہنگامی علاج معالجہ، فیس ادا کرنی پڑے گی


نئے منصوبے کے تحت، این ایچ ایس کی ہنگامی خدمات کا استعمال کرنے والے غیر ملکی سیاح اور تارکین وطن سے علاج و معالجے کے لیے فیس وصول کی جائے گی، جس پر 2014 ءکے آغاز سے عمل درآمد شروع جائیگا

حکومت نے اعلان کیا ہے کہ تارکین وطن اورغیر ملکی سیاحوں سے حادثے، ہنگامی علاج معالجے اور ڈاکٹر کی بنیادی خدمات کے عوض معاوضہ وصول کیا جائےگا۔ وزراٴ کا کہنا ہے کہ ’نشنل ہیلتھ کئیر‘ کے نظام کا غلط استعمال روکنے کے سلسلے میں مجوزہ منصوبہ ایک اہم پیش رفت ثابت ہوگا۔
ایک سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ نئے منصوبے کے تحت این ایچ ایس کی ہنگامی خدمات کا استعمال کرنے والے تارکین وطن اورغیر ملکی سیاحوں سے فیس وصول کی جائے گی، جس پر 2014 ءکے آغازسے عمل درآمد شروع جائیگا۔
وزیر صحت، لارڈ ہاؤ نے کہا کہ برطانیہ کا مفت عالمی ہیلتھ سروس کا نظام دنیا بھر کے لوگوں کے لیے باعث رشک ہے۔ لیکن، ہمیں اب ٹیکس دہندگان کی رقم سے چلائے جانے والے ادارے کے نظام کو منصفانہ بنانا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مجوزہ منصوبہ این ایچ ایس کی خدمات کے بدلے میں معاوضوں کی وصولی کے نظام کا توسیعی حصہ ہے جس کے تحت حکومت ہر سال تارکین وطن اور غیر ملکی سیاحوں سے فیسوں کی وصولیابی کی مد میں 500 ملین پونڈ کی رقم وصول کر سکے گی اور اس طرح ہیلتھ ٹورزم کے نقصانات کی تلافی کو ممکن بنایا جا سکا گا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ زچگی کی دیکھ بھال کی مفت خدمات کے حوالے سے بھی لوگوں سے رائے طلب کی جا رہی ہے۔ اس سلسلے میں این ایچ ایس کے عملے کی جانب سے زچگی کی خدمات کے بدلے معاوضہ وصول کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔ تاہم، منصوبے پر مشاورت کا عمل جاری ہےجس کے بعد مکمل تفصیلی منصوبہ مارچ کے مہینے میں پیش کر دیا جائے گا۔
نئے منصوبے کے تحت متعارف کرائی جانے والی اہم تبدیلیاں درجہ ذیل ہیں:
ڈاکٹر کی بنیادی دیکھ بھال کی خدمات میں نسخوں کے لیے معاوضہ وصول کیا جائے گا۔ تاہم ڈاکٹر اور نرسوں سے مشاورت کی فیس وصول نہیں کی جائے گی۔ البتہ، ڈاکٹر سے مزید خدمات حاصل کرنے کے لیے بھی فیس ادا کرنی پڑے گی۔
ڈاکٹر کی جانب سے کلینک پر انجام دیئے جانے والے چھوٹے موٹے جراحی کے عمل کے بدلے میں بھی فیس ادا کرنی ہوگی۔ اس کے علاوہ، ڈاکٹروں کی جانب سے فزیو تھراپسٹ کی خدمات حاصل کرنے کا بھی معاوضہ ادا کرنا ہو گا۔
این ایچ ایس کی جانب سے مفت علاج ومعالجہ کے مستحق افراد کے لیےدانتوں کے معائنے اور علاج اور نظر کا معائنہ اور علاج میں چھوٹ دی گئی ہے۔ لیکن، نئے منصوبے کے تحت غیر ملکی سیاح اور تارکین وطن کے لیے یہ چھوٹ واپس لے لی گئی ہے جنھیں اب دانتوں کے علاج اور نظر کےعلاج کے لیے بھاری فیسیں ادا کرنی ہوں گی۔
ایمرجنسی خدمات کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ حادثے اور ہنگامی صورت حال میں لائے جانے والے کسی مریض کو لوٹایا نہیں جائے گا۔ لیکن، غیر ملکی سیاحوں اور تارکین وطن اب این ایچ ایس کی مفت ایمرجنسی خدمات سے فائدہ نہیں اٹھا سکیں گے۔ تارکین وطن اورغیر ملکی سیاحوں کے لیے یہاں بھی فیس کی ادائیگی کا طریقہ متعارف کرایا جارہا ہے، جنھیں علاج و معالجے کے بعد ہسپتال سے واپسی پر اپنے تمام واجبات ادا کرنے ہوں گے۔
XS
SM
MD
LG