رسائی کے لنکس

پنجابی پاپ سنگر کراچی میں لائیو پرفارم کریں گے


بھنگڑے سے لے کر دیسی بیٹس تک، میکا سنگھ نے جو بھی گایا وہ ہٹ ہو گیا۔ ڈھول کی تھاپ پر دھمال ہو یا ہپ ہاپ ڈانس، میکا کا ہر رنگ زبردست

بالی وڈ کے مشہور پنجابی پاپ کے بادشاہ میکا سنگھ نئی نسل کے پسندیدہ گلوکار ہیں۔ بھنگڑے سے لے کر دیسی بیٹس تک، میکا سنگھ نے جو بھی گایا وہ ہٹ ہو گیا۔ ڈھول کی تھاپ پر دھمال ہو یا ہپ ہاپ ڈانس،میکا کا ہررنگ زبردست ہے۔
میکا کے گانوں کی شہرت صرف بھارت تک ہی محدود نہیں بلکہ پاکستان میں بھی ان کے انگنت چاہنے والے موجود ہیں جن کے لئے خوشی کی خبر یہ ہے کہ میکا سنگھ پاکستان آرہے ہیں ۔30جون کو ان کا کراچی میں لائیو کنسرٹ ہونے جارہا ہے۔ یہ کنسرٹ پاکستان کے نجی چینل ’ہم ٹی وی‘ نے اس کا بندوبست کیا ہے۔
’ہم ٹی وی‘ کے پبلک ریلیشنز ایگزیکٹیو منہاس صغیر نے ’وائس آف امریکہ‘ سے خصوصی بات چیت میں بتایا، ”فیشن شوز ہوں یا فیملی فیسٹیول یا پھر لائیو کوکنگ شوز ”ہم ٹی وی “ اپنے ناظرین سے مسلسل رابطہ بنائے رکھنا چاہتا ہے ۔ ان ایونٹس کا مقصد ہی اپنے ناظرین کو ہر طرح سے انٹرٹین کرنا ہے۔ “
منہاس کا مزید کہنا تھا، ”میکا سنگھ ویسے تو بھارت کے فنکار ہیں لیکن فن یا فنکارکو سرحدوں میں قید نہیں کیا جاسکتا۔ میکاسنگھ کے جتنے چاہنے والے بھارت میں موجود ہیں کم و بیش اتنے ہی جنوبی ایشیاء اور خاص کر پاکستان میں ہیں۔ یہاں ان کی آمد کا بہت شدت سے لوگوں کو انتظار ہے۔ ’ہم ٹی وی‘ کو یہ اعزاز پاکر خوشی ہورہی ہے کہ وہ میکاسنگھ کے میزبانی کے فرائض انجام دے رہا ہے۔“
خود میکا نے’فیس بک‘ پر اپنے دورہ پاکستان کے بارے میں کہا ہے کہ میرے پاکستانی فینز کے بارے میں اچھی خبر یہ ہے کہ ’اصلی سنگھ‘ یعنی ’میکا سنگھ‘ اپنے پرستاروں کو خوش کرنے پاکستان آ رہا ہے۔۔۔سب ہی جانتے ہیں کہ بھارت کے سنگرز پاکستان جا کر پرفارم کرنے سے ڈرتے ہیں۔۔۔ لیکن میں ایسا نہیں ۔ مجھے کوئی ڈر یا خوف نہیں کیونکہ مجھے اپنے پرستاروں سے محبت ہے۔“

میکاسنگھ اور امریک سنگھ سے ملئے۔۔
دس جون سنہ1977کو مغربی بنگال کے شہر درگاپور میں جنم لینے والے میکا سنگھ چھ بھائیوں میں سب سے چھوٹے ہیں۔ گھر میں سبھی کو میوزک کا شوق تھا اور اسی فضا میں آنکھ کھولنے والے امریک سنگھ نے جوان ہو کر میوزک کی دنیا کو فتح کیالیکن میکا سنگھ کے نام سے۔
اپنے بڑے بھائی بھنگڑا کنگ دلیر مہدی سے موسیقی کے داوٴ پیچ سیکھنے والے میکا سنگھ نے بالی وڈ میں اپنے جھنڈے گاڑنے میں زیادہ وقت نہیں لیا۔میکا کی آوا ز ہر بڑے بینر کی فلم کا لازمی حصہ ہوتی ہے ۔ وہ گانے کمپو ز بھی کرتے ہیں ، لکھتے بھی ہیں او ر ا سٹیج پر دھماکے دار پرفارمنس بھی مہارت سے پیش کرتے ہیں۔
ینگ جنریشن کے مزاج کو سمجھتے ہوئے میکا جو گانے بناتے ہیں وہ راتوں رات ٹاپ نمبر پر چلے جاتے ہیں ۔’ ’سنگھ از کنگ“،” موجاں ہی موجاں“،’ دھنا چکا‘ ، ’دیسی بیٹس‘ ’صبح ہونے نہ دے‘ اور پیار کی ’پونگی بجاکے“۔۔۔ میکا کے میگا ہٹس گانوں میں سے چند ایک ہیں ۔ورنہ ان کی فہرست بہت طویل ہے۔
XS
SM
MD
LG