رسائی کے لنکس

بھارتی کشمیر: فوجی کیمپ پر حملہ، 11 اہلکاروں سمیت 20 ہلاک


مقامی عہدیداروں کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں ایک افسر سمیت چھ فوجی جب کہ تین پولیس اہلکار شامل ہیں۔ جب کہ لڑائی میں چھ حملہ آور بھی مارے گئے۔

بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں ایک فوجی کمیپ پر حملے کے دوران مشتبہ شدت پسندوں اور سکیورٹی فورسز کے درمیان جھڑپ میں 20 افراد ہلاک ہوئے، جن میں 11 اہل کار شامل ہیٕں۔

مقامی عہدیداروں کے مطابق، ہلاک ہونے والوں میں ایک افسر سمیت چھ فوجی جب کہ تین پولیس اہلکار شامل ہیں۔ جب کہ لڑائی میں چھ حملہ آور بھی مارے گئے۔

حکام کے مطابق مشتبہ شدت پسندوں نے اڑی سیکٹر میں ایک فوجی کیمپ میں گھسنے کی کوشش کی اور اس دوران دستی بموں اور خودکار ہتھیاروں کا استعمال کیا۔

دریں اثنا جمعہ کو سری نگر کے علاقے میں ایک شدت پسند پولیس کے ساتھ جھڑپ میں مارا گیا۔ حکام کے مطابق مسلح شخص نے پولیس کی گشتی پارٹی پر حملہ کیا جس کے بعد اُس کی اہلکاروں کے ساتھ جھڑپ ہوئی۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان متنازع علاقے کشمیر کے بھارتی حصے میں حالیہ دنوں میں شدت پسندوں کے حملوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔

رواں ہفتے ہی ہندواڑا کے علاقے میں مشتبہ دہشت گردوں نے ایک فوجی پوسٹ پر حملہ کیا تھا جس میں ایک سکیورٹی اہلکار ہلاک ہوا لیکن جوابی کارروائی میں چھ حملہ آور مارے گئے۔

بھارتی کشمیر میں انتخابات ہو رہے ہیں جن کی علیحدگی پسندوں کی طرف سے مخالف کی جا رہی ہے۔

انتخابات کے پہلے مرحلے میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے ووٹ ڈالنے کے لیے پولنگ اسٹیشنز کا رخ کیا اور بھارتی حکام کے مطابق یہ علیحدگی پسندوں کے لیے ایک جواب ہے کہ کشمیر کے لوگ ان کی مخالفت کو تسلیم نہیں کرتے۔

XS
SM
MD
LG