رسائی کے لنکس

کراچی: دودھ کی قیمتوں میں اضافے کا معاملہ سنگین ہوگیا


شہر کو دودھ کی سپلائی نصف سے بھی کم کر دی گئی، جبکہ مہنگا دودھ بیچنے والوں کو مجموعی طور پر 16 لاکھ روپے جرمانے کا بھی سامنا کرنا پڑا۔ ان اقدامات کے بعد دودھ فروشوں نے بدھ کو ہڑتال کرنے کی دھمکی دے دی ہے

کراچی میں دودھ کے نرخ بڑھنے سے بیک وقت کئی مسائل کھڑے ہوگئے ہیں۔ ایک جانب قیمتوں کی دوڑ میں دودھ نے پیٹرول کو پیچھے چھوڑ دیا ہے تو دہی، دودھ سے بھی آگے نکل گئی ہے۔

ایسے میں، شہری انتظامیہ نے ’حرکت‘ میں آکر تقریباً 100 دودھ فروشوں کو گرفتار کرلیا، تو کچھ علاقوں میں دودھ کی دکانیں سیل کردی گئیں۔

ردعمل کے طور پر، شہر کو دودھ کی سپلائی نصف سے بھی کم کردی گئی ہے، جبکہ مہنگا دودھ بیچنے والوں کو مجموعی طور پر 16 لاکھ روپے جرمانے کا بھی سامنا کرنا پڑا۔ ان اقدامات کے بعد، دودھ فروشوں نے بدھ کو ہڑتال کرنے کی بھی دھمکی دے ڈالی۔

دوودھ اور دہی کی قیمتوں میں اضافے کی شروعات اتوار کی شام سے ہوئی۔ شہریوں کی اکثریت کا کہنا ہے کہ دودھ کی زیادہ پیداوار کے لئے بھینسوں کو لگایا جانے والا انجکشن اتنا بھی مہنگا نہیں ہوا کہ ہر ایک کلو دودھ پر یکمشت 10روپے بڑھا دیئے جائیں یا دہی کی قیمت 130روپے کلو کردی جائے۔

ڈیری فارمرز ایسوسی ایشن کی جانب سے کئے جانے والے اضافے پر شہری انتظامیہ نے سخت کارروائی کرتے ہوئے ڈیری فارمرز ایسوی ایشن کے کئی رہنماوٴں سمیت تقریباً 100افراد کو گرفتاراوردرجنوں دکانوں کو سیل کردیا ۔

اس پر دودھ فروشوں نے بدھ سے شہر بھر میں سپلائی بند کرنے اور ہڑتال کرنے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے اپنے رہنماوٴں اور ساتھیوں کی رہائی کا بھی مطالبہ کیا۔

معاملہ سلجھانے کے لئے کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی نے مِلک ریٹیلرز اور ڈیری اینڈ کیٹلز فارمرز ایسوسی ایشن سے مذاکرات کئے، جس کا نتیجہ یہ نکلا کہ ایسوسی ایشن کے کچھ رہنما مان گئے جبکہ کچھ نے اضافہ واپس لینے سے انکار کر دیا۔

کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی کا کہنا ہے کہ سیل کی گئی دکانوں کو کھول دیا جائے گا اور رہنماوٴں کو بھی رہا کیا جاسکتا ہے، اگر قیمتوں میں ہونے والا اضافہ واپس لے لیا جائے۔

منگل کو شہر کے کچھ علاقوں سے دودھ کی دکانیں بند کئے جانے اور دودھ کی قلت کی بھی خبریں گردش میں رہیں جس کے سبب شہریوں میں بدھ کی ہڑتال کے حوالے سے پریشانی محسوس کی گئی۔

شہریوں کی بڑی تعداد کا کہنا ہے کہ ایک جانب دودھ کے ساتھ ساتھ چائے، دہی، لسی اور مکھن کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوگیا ہے، تو دوسری جانب ہڑتال کے سبب بحران مزید سنگین ہونے کا خطرہ سر پر منڈلانے لگا ہے۔

XS
SM
MD
LG