رسائی کے لنکس

مینار پاکستان کو بھی دہشت گردی کا خطرہ


محکمہ داخلہ پنجاب نے ایک مراسلے کے ذریعے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو آگاہ کیا ہے بلوچستان کی ایک کالعدم تنظیم ’ بلوچ ریپبلکن آرمی “مینار پاکستان پر تخریب کاری کرسکتی ہے ۔

پاکستانی تاریخ کی ایک اہم یادگار ’مینار پاکستان‘ لاہورکو بھی دہشت گردی کا خطرہ لاحق ہوگیا ہے ۔ اسی خطرے کے پیش نظر ہفتے کو مینار کے گرد خار دار آہنی تاریں لگاکر بندکردیا گیا ہے۔ یہ اقدام ایسے موقع پر اٹھایا گیا ہے جب پیر کو ملک بھر میں ’یوم پاکستان ‘منایا جارہا ہے ۔

پاکستان کے نجی ٹی وی چینل ’ ایکسپریس نیوز‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق محکمہ داخلہ پنجاب نے ایک مراسلے کے ذریعے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو آگاہ کیا ہے بلوچستان کی ایک کالعدم تنظیم ’ بلوچ ریپبلکن آرمی “مینار پاکستان پر تخریب کاری کرسکتی ہے ۔

مذکورہ تنبہہ کے بعد پولیس نے مینار پاکستان کے ارد گرد 25میٹر کے علاقے کو خاردار آہنی تاروں سے سیل کردیا ہے اور کسی کو ادھر آنے جانے کی اجازت نہیں دی جارہی۔ حتیٰ کہ سیاحوں کو بھی نہیں جانے دیا جارہا۔

انتظامیہ نے اقبال پارک میں بھی پولیس کی اضافی نفری تعینات کر دی ہے جبکہ یہاں بھی چیکنگ انتہائی سخت بنادی گئی ہے۔

رپورٹ میں پولیس کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ مینار پاکستان کی سیکورٹی کے لئے 50سے زائد پولیس اہلکار تعینات کئے گئے ہیں جو چوبیس گھنٹے نگرانی کریں گے۔

گزشتہ سال بلوچستان کے علاقے زیارت میں واقع بانی پاکستان محمد علی جناح کے زیراستعمال رہنے والی ریزیڈنسی کو بھی دہشت گردوں نے دھماکہ خیز مواد سے نقصان پہنچایا تھا جس کے نتیجے میں عمارت میں آگ لگ گئی تھی۔
XS
SM
MD
LG